لاہور( سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کے میڈیکل پینل نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کو پسلیوں کی تکلیف کی وجہ سے ٹورنامنٹ کے ابتدائی دومیچوں میں نہ کھلایا جائے - پی سی بی میڈیکل پینل کا کہنا تھا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے نیشنل سٹیڈیم میں جمعرات اور اتوار کو پی ایس ایل کے دو میچ کھیلنا ہیں اور کراچی میں اس وقت گرمی زیادہ ہونے کے باعث اگر نسیم شاہ نے زیادہ زور لگایا تو ان کی انجری مزید شدید ہوسکتی ہے ،پیسر کو پہلے دو میچز میں آرام دیا جائیگا تو وہ پورے ٹورنامنٹ کیلئے دستیاب ہوں گے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے فزیو نے اتوار کو نسیم شاہ سے 5 اوورز کرائے اور انہوں نے بغیر کسی تکلیف کے بولنگ کی تاہم فرنچائز انتظامیہ پی سی بی میڈیکل پینل کی تجویز کو سنجیدگی سے لے رہی ہے ۔کوئٹہ کے منیجر اعظم خان کاکہنا تھا کہ نسیم شاہ کی فٹنس کے حوالے سے خدشات بے بنیاد ہیں۔