کراچی(سٹاف رپورٹر) ایف آئی اے امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے جعلی نکاح نامے پر لڑکی کو یورپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزمان نے ترکی کے سفارت خانے کی جعلی مہر پاسپورٹ پر لگائی اور اٹلی کے سفارت خانے سے وزٹ ویزاحاصل کیا۔ لڑکی اور اس کے ساتھی کو کراچی ایئرپورٹ پر پکڑے جانے کے بعد اینٹی سمگلنگ سیل منتقل کردیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ نمبر HZ4107683پر سفر کرنے والے معراج خالد ولد عبدالعزیز جو سندھ کے شہر سانگھڑ کا رہائشی ہے پاسپورٹ نمبر GK5460331کے ذریعے سیالکوٹ پنجاب کی 23سالہ لڑکی عائشہ کے ساتھ غیرملکی فضائی کمپنی کے کاؤنٹر سے کلیئرنس کے بعد ایف آئی اے کے کائونٹر پہنچے جہاں دونوں مسافروں نے اپنی دستاویزات نکاح نامہ،پاسپورٹ،قومی شناختی کارڈ پیش کیا۔لڑکی کے پاسپورٹ پر ترکی کے وزٹ ویزے کی سٹیمپ تھی جس کے مطابق لڑکی نے فروری 2019میں ترکی میں انٹری حاصل کی تھی لیکن لڑکی کا سفری ریکارڈ میسر نہیں تھا جس پرایف آئی اے امیگریشن حکام نے دونوں مسافروں سے علیحدہ علیحدہ سوالات شروع کئے ۔ اس دوران لڑکی نے امیگریشن حکام کو بتایا کہ اس نے جعلی نکاح نامے اور ترکی کی جعلی ویزا سٹیمپ پراٹلی کا ویزا حاصل کیا اور اٹلی پہنچنے کے بعد ہمیں الگ الگ جانا تھا جس کے لئے ایک ٹریول ایجنٹ نے تمام معاملات طے کر دئیے تھے ۔لڑکی نے امیگریشن حکام کو بتایا کہ اسے اٹلی پہنچنے کے بعد جرمنی جانا تھا۔امیگریشن حکام نے دونوں مسافروں کے بیانات ریکارڈ کرنے کے بعد ان دونوں کو آف لوڈ کرکے باقی کارروائی کے لئے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کردیا۔ جہاں دونوں کے بیاانات کی روشنی میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔