کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو مندی کا رجحان غالب رہا، کے ایس ای100انڈیکس 86.18 پوائنٹس کی کمی سے 28023.39پوائنٹس کی سطح پرآ گیاجبکہ مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو43 ارب 47کروڑ42لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا، کاروباری حجم بھی گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت5.88فیصد کم رہا ۔ گزشتہ روز ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے محتاط طرز عمل اپنایا گیا اور کورونا وائرس کے باعث ملکی اور بین الاقوامی سطح پر معاشی نقصانات کے پیش نظر سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت بڑھنے کے باعث ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس28ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے 27461.59پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا تا ہم بعد ازاں منافع بخش کمپنیوں کے سستے ہونے والے شیئرز کی خریداری کی وجہ سے ریکوری آئی اور28ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی لیکن مندی کے اثرات غالب رہے ،مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس86.18پوائنٹس کی کمی سے 28023.08پوائنٹس پر بند ہوا ۔ کے ایس ای30انڈیکس بھی 35.16پوائنٹس کی کمی سے 12285.08پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس162.69پوائنٹس کے اضافے سے 20322.54پوائنٹس پر بند ہوا ۔گزشتہ روز مجموعی طور پر328کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 166کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،145کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور 17کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں ۔مندی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت43 ارب47کروڑ42لاکھ روپے کی کمی سے گھٹ کر کر54کھرب 30ارب 73کروڑ47لاکھ روپے ہوگئی جبکہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم15کروڑ94لاکھ69ہزار شیئرز رہا جو جمعہ کے مقابلے میں99لاکھ68ہزار شیئرز کم ہے ۔