اسلام آباد ،لاہور،کراچی،کوئٹہ،نیویارک،نئی دہلی(وقائع نگار،کامرس رپورٹر،سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں،نیٹ نیوز)پاکستان میں مہلک وباکورونا سے مزید 5افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد6370ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی )کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 548نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ تصدیق شدہ کیسز کی مجموعی تعداد 3لاکھ 371ہوگئی۔ سرکاری پورٹل کے مطابق اب تک 2لاکھ 88ہزار 206مریض صحتیاب ہوچکے جبکہ 535مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 72نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور کل تعداد97,533 ہو گئی۔کورونا سے مزید1ہلاکت ہوئی اوراموات کی کل تعداد2214ہوگئی ۔کورونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 94,258 ہو چکی۔لاہورمیں 29،شیخوپورہ 2،راولپنڈی15،گوجرانوالہ 5،گجرات4،جہلم،چکوال،سیالکوٹ،منڈی بہاؤ الدین،فیصل آباد، چنیوٹ،سرگودھا،بھکر،مظفر گڑھ،اوکاڑہ ،ڈیرہ غازیخان میں ایک ایک،بہاولپورمیں2 اور راجن پور میں4نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔ سندھ میں مزید ایک مریض جاں بحق ہوگیا اور اموات کی تعداد 2440 ہوگئی ۔وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے بیان میں کہا کہ صوبہ میں 271 نئے کیسز سامنے آئے ، مجموعی تعداد 131675 تک پہنچ گئی جبکہ 157 مریض صحتیاب ہوچکے ۔ادھرسندھ پولیس میں کورونا کے شکارافسروں اور اہلکاروں کی تعداد3369ہوگئی جبکہ اب تک 18 شہید ہوچکے ہیں۔ ترجمان سندھ پولیس کے مطابق زیر علاج ملازمین کی تعداد 76 ہے جبکہ3275صحت یاب ہوچکے ۔ سندھ پولیس کورونا کیخلاف ہراول دستے اور خدمت انسانیت کیلئے انتہائی پرعزم ہے ۔ادھربلوچستان میں مزید 119کیسز رپورٹ ہوئے ، مجموعی طور پر 984مریض زیرعلاج ہیں۔ غیرملکی خبررساں اداروں کے مطابق دنیا بھر میں کورونا سے 917,082اموات ہو گئیں،کیسزکی تعداد 28,553,659ہوگئی، 20,478,396مریض صحت یاب ہوچکے جبکہ ایکٹوکیسز 7,158,181ہیں۔ امریکہ میں مریضوں کی تعداد 6,612,515ہوگئی اور 196,856جان کی بازی ہار چکے ۔بھارت میں 24 گھنٹوں کے دوران 97654 نئے کیس سامنے آنے پر نیا عالمی ریکارڈ قائم ہوگیا ۔ بھارت میں مزید1202 افراد ہلاک ہوگئے ، 4,657,379افراد متاثر ہیں اور کل ہلاکتیں 77,506 ہو گئیں ۔کورونا کیخلاف اپنی ناکام پالیسیوں سے تنقید کا نشانہ بننے والے وزیراعظم نریندر مودی نے ملبہ عوام پر ڈالتے ہوئے ایک مرتبہ پھر اختیات کی اپیل کی ہے ۔ جنوبی افریقہ میں ہلاکتیں 15,265 ہو گئیں جبکہ 644,438 افراد متاثر ہوچکے ۔روس میں 1,051,874افراد متاثر اور اموات کی تعداد 18,365ہو گئی۔