لاہور(اشرف مجید)پنجاب حکومت کی جانب سے حفیظ سنٹر کے متاثرین کی مالی امداد کے بجائے انہیں بلا سود قرضے فراہم کرنے کے حوالے سے سوچ بچار شروع کر دی گئی،اس ضمن میں لاہور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر عرفان اقبال شیخ کی قیادت میں تاجروں کا وفد جلد وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کر کے تاجروں کیلئے 2ارب تک کے بلا سود قرضوں کی منظوری کرائے گا ،پنجاب حکومت کی بنائی گئی کمیٹی کی جانب سے بھی تاجروں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی گئی ،ذرائع کے مطابق سانحہ حفیظ سنٹر میں تاجروں کا کم از کم2ارب کے نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ،اس ضمن میں تاجروں کی جانب سے پنجاب حکومت کی بنائی گئی کمیٹی کو زور دیا گیا تھا کہ تاجروں کے نقصان پر پنجاب حکومت انکی مالی امداد کرے تا کہ تاجربرادری جلد از جلد اپنے کاروبار شروع کر سکیں ،اس ضمن میں تاجروں کی جانب سے بلڈنگ کو دوبارہ جلد از جلد ٹھیک کرانے کے لئے بھی حکومت پر زور دیا گیا لیکن تا حال بلڈنگ کے انفراسٹرکچر کی تکنیکی صورت حال واضح نہیں ہو سکی کہ بلڈنگ کو کس قدر نقصان ہوا ،ذرائع کا کہنا ہے کہ تاجروں کی مالی امداد کے حوالے سے پنجاب حکومت کی جانب سے بھی کمیٹی کو واضح کر دیا گیا کہ حکومت مالی امداد کی پوزیشن میں نہیں جس پر لاہور چیمبر آف کامرس کے سابق صدر کی جانب سے پنجاب حکومت کے نمائندوں کو حفیظ سنٹرکے متاثرین کو بلا سود قرضے فراہم کرنے کے حوالے سے رضا مند کر لیا گیا، اس ضمن میں جلد ہی وزیر اعلیٰ پنجاب سے مل کر بلا سود قرضوں کی منظوری حاصل کی جائے گی۔ اس حوالے سے لاہور چیمبر آف کامرس کے سابق صدر عرفان اقبال شیخ نے روزنامہ 92نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت سے بات کر لی اور جلد ہی وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ساتھ ملاقات میں بلا سود قرضوں کے حوالے سے منطوری حاصل کر لی جائے گی جس سے تاجر برادری اپنا کاروبار دوبارہ چلانے کے قابل ہو جائیں گے اور یہ حکومت کی جانب سے تاجروں کے لئے بڑا ریلیف ہو گا ۔