سانگھڑ/کوئٹہ(نامہ نگار ،سٹاف رپورٹر)سانگھڑ کے قریبی گاؤں میں کچے گھر میں آگ لگنے کے باعث سوئی ہوئی 3معصوم بچیاں زندہ جل گئیں، دردناک سانحہ سے گاؤں بھر میں کہرام مچ گیا۔ گزشتہ شب سانگھڑ سے 30 کلومیٹر دور کنڈیاری میں وسان گاؤں کے رہائشی مزدور پریم میگھواڑ کے کچے گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے آناًفاناً سب کچھ اپنی لپیٹ میں لے لیا اور گھر میں سوئی ہوئی تین معصوم بچیاں 8 سالہ چاندنی، 4سالہ گوری اور 2 سالہ پونا جل کر جاں بحق ہوگئے جبکہ گھر کے دیگر افراد بمشکل اپنی جانیں بچانے میں کامیاب ہوئے ۔ اندوہناک واقعہ سے فضا سوگوار ہوگئی۔ بچیوں کے والدین کو غشی کے دورے پڑنے لگے ، گاؤں والوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پایا۔ ادھر کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد میں کمرے میں گیس بھر جانے کے باعث دم گھٹنے سے باپ اوراس کے تین بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ ماں بیٹی بیہوش ہو گئے جن کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیاگیا۔متوفیان میں 55سالہ عبدالسلام ، اس کا چار سالہ بیٹا احمد ،تین سالہ بیٹی راکیمہ ،تین سالہ بیٹی نوشیمہ شامل ہیں ،ہمسایوں اور اہل محلہ نے میتیں اور بے ہوش افراد کو دروازہ توڑ کر نکالا ،عبدالسلام کی اہلیہ اور اور ایک بیٹی کی حالت اب خطرے سے باہربتائی جاتی ہے ۔