اسلام آباد (سپیشل رپورٹر؍ اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے کورونا وبا کے پھیلائو کو روکنے اور عام لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے کورونا کے پہلے مرحلے میں قابلِ تقلید حکمت عملی اور بروقت فیصلوں سے وبا پر قابو پایا جس کی دنیا معترف ہے ، اب ہمیں دوسرے مرحلے میں بھی سنجیدگی، توازن اور احتیاط کا دامن ہرگز نہیں چھوڑنا چاہئے ۔ وہ پیر کو یہاں ملکی سطح پر کورونا کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔وزیراعظم میڈیا آفس کے مطابق این سی او سی کی طرف سے کئے گئے فیصلوں کے حوالے سے بتایاگیا۔ وزیر اعظم نے وبا کے پھیلائو کو روکنے اور عام لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے اس ضمن میں مختلف امور پر فیصلہ سازی اور مشاورت کیلئے قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس طلب کرنے کی بھی ہدایت کی۔بعدازاں قومی رابطہ کمیٹی کااجلاس آج طلب کرلیا گیا۔قومی رابطہ کمیٹی تعلیمی اداروں کی بندش کے فیصلوں کی حتمی منظوری دے گی۔ اجلاس میں سمارٹ لاک ڈاوَن سمیت اہم فیصلے متوقع ہیں۔علاوہ ازیں وزیر اعظم نے وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا سے ملاقات میں وزارت بین الصوبائی رابطہ کو سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مؤثر بنانے کیلئے سفارشات مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وزیرِ اعظم نے کہا پاکستان کی آبادی کی اکثریت نوجوانوں پر مشتمل ہے اور کھیلوں کی سرگرمیوں کیلئے بہترین مواقع میسر کرنا انتہائی ضروری ہے ۔وزیراعظم سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان بھی ملے ۔ ملاقات میں صوبہ خیبر پختونخوا میں جاری ترقیاتی منصوبوں، کورونا وائرس کی وبا کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسلام آباد ( سپیشل رپورٹر)وزیراعظم عمران خان نے 2020 سے 2025 تک کے لئے ٹیکسٹائل پالیسی کے مسودہ کی منظوری دے دی جس کے بعد ٹیکسٹائل پالیسی منظوری کے لئے آئندہ ہفتے ای سی سی کو بھجوائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق مجوزہ پالیسی میں 2025 تک ٹیکسٹائل برآمدات 20 ارب 80 کروڑ ڈالرتک لے جانے ، بجلی اورگیس کے ٹیرف کم کرنے کے علاوہ ٹیکسٹائل سیکٹر کی مشینری کے لئے لانگ ٹرم فنانسنگ بڑھانے اورنئی منڈیوں تک رسائی سمیت ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ پر فوکس کرنے کی تجاویز پیش کی گئی ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ پالیسی میں ٹیکسٹائل سیکٹرکو بجلی 9 سینٹ سے کم کرکے 7.5 سینٹ، آر ایل این جی 6.5 ڈالرفی ایم ایم بی ٹی یو، قدرتی گیس 786 روپے ایم ایم بی ٹی یو اور 2025 تک مین میڈ فائبر 30 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد تک استعمال کرنے اور مارک اپ کی شرح 5 فیصد تک برقرار رکھنے کی بھی تجاویز شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ٹیکسٹائل پالیسی منظوری کے لئے اقتصادی رابط کمیٹی میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔ نئی مجوزہ پالیسی میں متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد مزید گارمنٹس سٹی قائم کئے جانے کی تجویز بھی شامل ہے جس کا مقصد ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینا ہے ۔مزید برآں پالیسی کے تحت خواتین کے لئے ملازمتوں کے مواقع میں اضافے کے لئے لیبر قوانین کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔