اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)کوروناوائرس کا پھیلائو روکنے کیلئے ٹائیگرز فورس کیلئے رضاکاروں کی رجسٹریشن آج 31 مارچ سے سٹیزن پورٹل پر شروع ہوگی، ڈیجیٹل فارم تیارکرلیاگیا،سٹیزن پورٹل پر اپ لوڈ کردیا جائے گا، ڈیجیٹل فارم میں نام ،ایڈریس، عمر، موبائل نمبر،یونین کونسل و ضلع کی تفصیلات شامل ہونگی۔ وزارت یوتھ افیئرز کے ترجمان کے مطابق کوروناریلیف ٹائیگرز فورس کیلئے رضاکاروں کی رجسٹریشن 10 اپریل تک مکمل ہوجائے گی،کورونا ریلیف ٹائیگرفورس کی تشکیل ہر یونین کونسل میں کی جا ئیگی ، وزارت کے مطابق کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس میں 18 سال سے زیادہ عمر کے نوجوان رجسٹریشن کراسکیں گے ،کورونا ریلیف ٹائیگر فورس تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے ماتحت کام کر یگی ، ترجمان کے مطابق ملک بھر کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ ڈیٹا شیئر کیا جا ئیگا، کورونا ریلیف ٹائیگر فورس مکمل لاک ڈاؤن یا کرفیو کی صورت میں متحرک کام کرے گی،کوروناٹائیگرز فورس ہنگامی حالات میں گھروں تک راشن سپلائی اور خوراک پہنچائے گی ، کوروناٹائیگرز فورس کے رضاکار ملک بھر میں ذخیرہ اندوزی کی نشاندہی کر سکیں گی، رضا کار قرنطینہ سنٹرز میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کی نگرانی بھی کر ینگے ۔