اسلام آباد ، راولپنڈی، لاہور ، ملتان، اوکاڑہ ، پشاور، کراچی ، نیویارک ( سپیشل رپورٹر ، وقائع نگار ،جنرل رپورٹر، سٹاف رپورٹر ،نیوز رپورٹر ، نمائندگان92نیوز ، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں ) ملک بھر میں کورونا کے مزید 36 مریض دم توڑ گئے جبکہ 2738نئے کیس سامنے آ گئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران42909 ٹیسٹ کیے گئے ۔ پنجاب میں کورونا کے مزید 15 مریض چل بسے جبکہ 609نئے کیس سامنے آگئے ۔مجموعی متاثرین112893 جبکہ اموات 2811 ہو گئیں۔ پنجاب کے پرائیویٹ ہسپتالوں کا کورونا وائرس ڈیٹا آڈٹ مکمل کر کے کورونا سے مرنے والے 292 مریضوں کی ڈیٹا انٹری کرا لی گئی۔ملتان میں کورونا میں مبتلا نشتر ہسپتال وارڈ دس کی ہیڈ نرس انتقال کر گئی ۔ کورونا کے پھیلائو میں شدت آنے کے بعد گورنمنٹ کالج یونیورسٹی حکام نے مرحلہ وار یونیورسٹی بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔اسلام آباد کی ضلعی نتظامیہ نے مزید 5 سیکٹرز ڈی سیل جبکہ مزید7 تعلیمی ادارے سیل کر دئیے ۔ ضلع راولپنڈی میں 3 ، ڈیرہ اسماعیل خان میں دو ،لنڈیکوتل میں ایک سکول سیل کردیا گیا۔ گرلز کالج دیپالپور میں طالبہ، گرلز کالج سکھر میں 10 طالبات، چار اساتذہ کا ٹیسٹ پازیٹو آگیا۔کراچی کے 4اضلاع شرقی،غربی ، وسطی اورجنوبی میں سمارٹ لاک ڈائون جبکہ2اضلاع کورنگی اور ملیر میں مائیکرو لاک ڈائون لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ملک بھر میں جمعہ سے انڈور شادیوں پر پابندی لگا دی گئی۔پنجاب حکومت نے شادی ہالز کے اندر تقریبات پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ اطلاق31 جنوری تک رہے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی برائے کورونا وائرس کا اجلاس بدھ کو طلب کر لیا ۔ امریکہ نے پاکستان کو کورونا ویکسین کی تیاری میں تعاون کی پیشکش کردی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزارت صحت اور متعلقہ حکام سے پیشکش پر تجاویز مانگ لیں جبکہ وزارت صحت کو پاکستانی کمپنیوں سے مشاورت کی ہدایت کردی ۔ دریں اثنا دنیابھر میں کورونا سے ہلاکتیں 13.73لاکھ جبکہ مریض 5.77 کروڑ ہوگئے ۔سری لنکن پریمیئر لیگ میں شرکت کیلئے جانے والے فاسٹ بائولر سہیل تنویر بھی کورونا کا شکار ہوگئے ۔بھارت میں متاثرین ساڑھے 90لاکھ ہو گئے ۔نئی دہلی میں کورونا سے بڑھتی ہلاکتوں کے باعث شہر کے قبرستانوں میں جگہ کم پڑ رہی ہے ، ہریانہ میں تمام سکول بند کر دئیے گئے جبکہ گجرات میں کرفیو نافذ کر دیا گیا۔ یونیسف نے خبردار کیا ہے کہ کورونا دوسرے سال میں داخل ہونے سے بچوں کو پہلے سے خطرناک نتائج کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔