اسلا م آباد ،لاہور،پشاور،واشنگٹن،نئی دہلی، برلن،ریاض (جنرل رپورٹر، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک،نیٹ نیوز)پاکستان میں کورونا سے مزید 4ا فراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی کل تعداد 6393 ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں665نئے مریض رپورٹ ہوئے اور مریضوں کی کل تعداد 303089ہے جبکہ 290760صحتیاب ہو چکے ۔ایکٹو کیسز کی تعداد 5936رہ گئی۔حکومت کے مطابق پاکستان میں کورونا کیسز کا گراف مسلسل نیچے آرہا لیکن خطرہ ابھی ٹلا نہیں۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کیسز میں اضافے کی رفتار کافی سست ہوچکی لیکن پھر بھی احتیاط کی ضرورت ہے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا سے مزیدئی ہلاکت نہیں ہوئی،تاہم129نئے مریض سامنے آئے اورکیسز کی کل تعداد 97946 ہو گئی۔ لاہورمیں 41،شیخوپورہ 2، راولپنڈی37،جہلم 2،اٹک،سیالکوٹ،نارووال،رحیم یارخان، مظفر گڑھ میں ایک ایک،ملتان 3،فیصل آباد12، چنیوٹ 2،سرگودھا 2،بھکر2،بہاولپور11،ڈیرہ غازیخان 4اورگوجرانوالہ میں 6کیسز رپورٹ ہوئے ۔ پشاور میں گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول رشکئی کے 8 اساتذہ اور2ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے مطابق تمام متاثرہ اساتذہ کو15 دن کی چھٹی پرگھربھیج دیا گیا، تاہم سکول میں تدریسی عمل سخت حفاظتی تدابیر کیساتھ جاری ہے ۔غیرملکی خبررساں اداروں کے مطابق دنیا بھر میں کورونا سے 942,744اموات ہو گئیں،کیسزکی تعداد 29,938,753ہوگئی۔ امریکہ میں مریضوں کی تعداد 6,808,172ہو گئی اورمزید 711اموات کے بعد 200,908جان کی بازی ہار چکے ۔بھارت میں 97,859نئے کیس سامنے آئے ، مزید 1139ہلاک ہوگئے ،5,115,893افراد متاثر ہیں اور کل ہلاکتیں 83,230 ہو گئیں ۔برازیل میں متاثر ہ ممالک میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں 4,392,351افراد متاثر اور اموات کی تعداد 133,355ہو گئی۔روس میں 1,079,519افراد متاثر اور اموات کی تعداد 18,917ہو گئی۔ امریکی حکام کا کہنا تھا کہ امریکہ میں کورونا سے ہلاک بچوں میں سے 75 فیصد کا تعلق اقلیتی کمیونیٹیز سے ہے جبکہ سفید فام امریکی نوجوانوں کے مقابلے میں ہسپانوی اور سیاہ فام افرادکئی گنا زیادہ ہلاک ہوئے ۔کورونا سے بڑھتی انہی اموات کے سبب امریکہ میں انتخابی عمل بری طرح متاثر ہے اور نومبر میں صدارتی الیکشن میں ووٹنگ کی شرح بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ کورونا ویکسین ایک ماہ میں دستیاب ہوگی۔ پنسلوانیا میں اپنے حامیوں سے گفتگو میں یہ بھی کہا کہ کورونا وبا خود ہی ختم ہوجائیگی۔تاہم جرمن حکومت نے آئندہ برس کے وسط تک دنیا کی بیشتر آبادی کو کورونا ویکسین کے دستیاب ہونے کی امید ظاہر کی ۔سعودی کیمیکل کمپنی نے روس کے براہ راست سرمایہ کاری فنڈ آرڈیف کیساتھ معاہدہ پر دستخط کئے جس کے تحت پہلے مرحلے میں کورونا کی خصوصی ویکسین سعودی عرب میں فراہم اور تقسیم کی جائیگی اور دوسرے مرحلے میں ویکسین تیاری کی ٹیکنالوجی سعودیہ منتقل کی جائیگی۔