اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے سیکرٹری سول ایوی ایشن کو ہدایت جاری کی کہ متحدہ عرب امارات میں پھنسے بلوچستان کے رہائشیوں کیلئے فضائی آپریشن شروع کیا جا ئے اور خصوصی پروازیں چلائی جائیں۔ دریں اثنا چیئرمین سینٹ سے چین کے سفیر یاؤجنگ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے علاوہ خطے ، علاقائی اور عالمی نوعیت کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔کورونا کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر چین کے سفیر نے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے چین کی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ کورونا وائرس کے باعث درپیش مسئلے پر چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے ۔ چیئرمین سینٹ نے چین کی معاونت کو انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ اس سے پاکستان میں وائرس پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ کورونا کی وباایک عالمی چیلنج بن چکا ہے اور اس پر قابو پانے کیلئے سب کو مل کر کوششیں کرنا ہونگی۔ سفیر نے چین کے حق میں قرارداد منظور کرنے اور اظہار یکجہتی پر چینی حکومت ، عوام اور پارلیمان کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔