لاہور،پشاور (اپنے رپورٹر سے ،92نیوز) لاہور اور پشاور میں کورونا کیخلاف حفاظتی اقدامات نظر انداز کرنے پر 202 دکانیں سیل کرکے 292 افراد کو گرفتار کرلیاگیا۔ضلعی انتظامیہ لاہور نے کورونا کیخلاف حفاظتی اقدامات نظرانداز کرنے پرسخت کارروائیاں کرتے ہوئے 89دکانوں کو سیل کرکے ہزاروں روپے جرمانہ بھی کردیا۔ اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصراللہ رانجھا نے تحصیل ماڈل ٹاؤن میں 24دکانوں کو ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر سیل کیااور 14ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کئے ۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی تبریز مری نے تحصیل سٹی میں شاہدرہ، اقبال ٹاؤن اور ہال روڑ میں 30 دکانوں کو خلاف ورزی پر سیل کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر شالیمار مہدی مالوف نے تحصیل شالیمار میں جلو موڑ بازار میں 5 دکانوں کو سیل کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کینٹ مرضیہ سلیم نے تحصیل کینٹ کی نشاط کالونی میں 30 دکانوں کو سیل کر دیا اور 10 ہزار کے جرمانے بھی عائد کئے ۔ ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ آج مجموعی طور 89 دکانوں کو ابھی تک سیل کیا گیا ہے اور 24ہزار روپے کے جرمانے عائد کیئے گئے ہیں۔ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ دکان دار سماجی فاصلہ، سینی ٹائزر اور ماسک کو یقینی بنائیں۔علاوہ ازیں ڈی سی لاہور دانش افضال نے انار کلی، اچھرہ، مال روڑ اور ہال روڑ کا دورہ کیا۔دریں اثنا پشاور میں مختلف بازاروں میں ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر 113 دکانوں کوسیل کرکے 292 افراد کو گرفتار کرلیاگیا۔