اسلا م آباد ،لاہور ،سیالکوٹ، کراچی، پشاور، کوئٹہ، واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان،ڈسٹرکٹ رپورٹر، 92نیوزرپورٹ،بیورورپورٹ، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید48افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد11103ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 1772نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد524783ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد35163ہو گئی،2368مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل478517صحتیاب ہو چکے ۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹرفیصل سلطان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت کی جانب سے شہریوں کو کورونا ویکسین مفت لگائی جائیگی جبکہ پرائیویٹ سیکٹرپرخریداری کیلئے کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ ڈریپ دو کورونا ویکسین کی منظوری دے چکی ہے ۔پاکستان جیسے زیادہ آبادی والے ملک کی تمام آبادی کیلئے ویکسین کی فراہمی آسان نہیں۔ سائنوفارم اورکینسائنونامی کمپنیوں سے ویکسین کی فراہمی پربات جاری ہے ، ابتدائی طورپرویکسین کی2کروڑخوراکیں حاصل کی جائینگی۔رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں ویکسین کی 10لاکھ خوراکیں مہیاکرنے کے قابل ہونگے ۔ ڈاکٹرز سمیت 4 لاکھ سے زیادہ ہیلتھ ورکرز ویکسین حصول کیلئے رجسٹر ہوچکے ، عوام کو مختلف فیز میں ویکسین فراہم کی جائیگی ۔ 70فیصدآبادی کوویکسین لگادیں توامیونٹی حاصل ہوسکتی ہے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید16مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ573نئے کیس سامنے آگئے ،صوبہ میں اموات کی کل تعداد4476ہوگئی ۔ لاہورمیں323،راولپنڈی28،ملتان19،فیصل آباد 60،شیخوپورہ5،گوجرانوالہ میں5کیسز رپورٹ ہوئے ۔ترجمان سندھ پولیس کے مطابق گزشتہ4 روزمیں صوبائی پورلیس فورس کے مزید 199 افسر اور اہلکار کورونا میں مبتلا ہوگئے جبکہ وبا سے متاثرہ پولیس ملازمین کی مجموعی تعداد5246ہوگئی ۔ سندھ میں کورونا کیخلاف فرائض کی ادائیگی کے دوران اب تک 23 پولیس افسر و جوان شہید ہو چکے ہیں۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں20لاکھ75ہزار سے زائد ہو گئیں۔برطانیہ میں مزید1820مریض چل بسے اور ہلاکتوں کانیا ریکارڈ بن گیا۔ نیدرلینڈز میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے پہلی بار کل سے ملک گیرکرفیو نافذکردیا گیا۔وزیر اعظم مارک روٹے نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ نیدرلینڈز بھر میں رات کا کرفیو10فروری تک نافذ رہیگا۔کرفیو روزانہ رات ساڑھے آٹھ بجے سے صبح ساڑھے چار بجے تک لگایا جائیگا۔ادھر زمبابوے کے وزیر خارجہ مویو کورونا سے انتقال کرگئے ،وہ سابق فوجی جنرل تھے اور انہوں نے 2017 میں حکومت کو ختم کر کے ملک میں مارشل لا نافذ کردیا تھا۔سعودی عرب نے فائزر کے بعد آسٹرازینیکا اورموڈرنا کی ویکسینز کے استعمال کی بھی منظوری دیدی ۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق حال ہی میں کورونا وائرس کی برطانیہ میں پائی جانیوالی نئی قسم کی اب60 ممالک میں موجودگی کی تصدیق ہو چکی جبکہ جنوبی افریقہ میں دریافت کورونا کی ایک اور نئی تبدیل شدہ قسم اب تک 23 ممالک تک پہنچ چکی ہے ۔