اسلا م آباد ،لاہور،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید52افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد13128ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کوروناکے 1579نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد587014ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد17117ہو گئی،1551مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل556769صحتیاب ہو چکے ۔ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے 60 سال سے زیادہ عمر افراد کیلئے ہنگامی طور پر سائنو فارم ویکسین کی منظوری دیدی ۔۔ادھرڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور سجاد حسین سندھڑبھی کورونا میں مبتلا ہو گئے اور خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا،عدالتی عملے کے بھی کورونا ٹیسٹ کرائے جارہے ہیں۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید30مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ860نئے کیس سامنے آگئے ،صوبہ میں اموات کی کل تعداد5510ہوگئی ۔ لاہورمیں 546،ننکانہ6،قصور 4،شیخو پورہ 8،راولپنڈی44،گوجرانوالہ 16،سیالکوٹ 28،گجرات42،ملتان14،فیصل آباد56اورساہیوال میں11کیسز رپورٹ ہوئے ۔دریں اثنا تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز سامنے آنے لگے ۔ اسلام آباد ماڈل کالج ایف 7 کو7 مثبت کیسزاورماڈل کالج فار بوائز آئی 10 کو3مثبت کیسز پر سیل کردیا گیا۔لاہور کے سکولوں میں بھی کورونا کیسز میں اضافہ ہونے لگا ،سکول کھلنے کے بعد ابتک28کیس سامنے آئے جن میں15طلبہ،12اساتذہ اور ایک نان ٹیچنگ سٹاف شامل ہے ، پانچ سرکاری سکولوں کو 7 روز کیلئے بند کیا گیا۔گورنمنٹ بوائز ہائی سکول ہیڈمرالہ کو 2اساتذہ بھائیوں کے کورونا میں مبتلا ہونے پر10دن کیلئے بند کردیا گیا ۔خیبر پختونخوا میں وزیراعلیٰ کی فوکل پرسن برائے کورونا ایم پی اے آسیہ اسد کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ٹویٹس میں کہا کہ ملک میں کورونا کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہو رہا ہے اور ہسپتال میں مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے ۔ مثبت کیسز کی شرح ایک ہفتے کے دوران 3.31 فیصد سے بڑھ کر 4.16 فیصد ہوگئی، عوام ایس او پیز پر عمل کریں۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں25لاکھ85ہزارسے زائد ہو گئیں۔ امریکہ میں کورونا کے نئے کیسز کی تعداد میں کمی آ رہی ہے ۔ کویتی کابینہ نے ہنگامی اجلاس میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث کل سے ملک میں ایک ماہ کیلئے شام 5 سے صبح 5 بجے تک کرفیو نافذ کرنیکا فیصلہ کرلیا۔ہنگری میں صورتحال خراب ہونے پر لاک ڈائون میں سختی کرنیکا اعلان جبکہ یوکرین میں نیا لاک ڈائون لگانے کا انتباہ جاری کیا گیا ۔اٹلی میں کورونا وبا کے باعث بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیئے گئے ۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے آکلینڈ میں کل سے لاک ڈائون ختم کرنیکا اعلان کردیا ۔جاپان نے ٹوکیو میں ہنگامی صورتحال میں 21 مارچ تک توسیع کر دی ۔