لاہور؍ اسلام آباد؍ملتان (جنرل رپورٹر؍ خبر نگار خصوصی؍لیڈی رپورٹر؍سپیشل رپورٹر)ملک میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 65 ہزار 83 تک جاپہنچی،کورونا سے صحت یاب افراد کی تعداد 2 لاکھ 5 ہزار 929 ہوگئی ہے جب کہ فعال کیسز کی تعداد 53 ہزار 555 ہے ۔ گزشتہ روز وائرس سے مزید 31 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہزار 599 ہوگئی، 1579 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 13 ہزار 7 ، پنجاب میں 90 ہزار 191، خیبر پختونخوا میں 32 ہزار 86، بلوچستان میں 11 ہزار 436، اسلام آباد میں 14 ہزار 599، آزاد کشمیر میں ایک ہزار 915 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 849 ہے ۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 19 ہزار 108 ٹیسٹ کئے گئے ۔پنجاب میں مزید 4 اموات ہوئیں اور 398 نئے مریض رپورٹ ہوئے ۔نشتر ہسپتال ملتان میں ایک مریض دم توڑ گیا۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے مزید 26 مریض انتقال کرگئے اور 546 نئے کیسز کی تشخیص ہوئی ہے ۔ادھر دنیابھر میں مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 47 لاکھ ہوگئی جبکہ ہلاکتیں 6لاکھ 12 ہزار تک پہنچ گئی ہیں۔امریکہ میں گزشتہ روز 65 ہزار نئے مریض سامنے آئے ۔سعودی شہر جدہ میں 107 سالہ خاتون کورونا سے صحت یاب ہوگئی۔برطانوی حکومت نے 2 کمپنیوں سے 9کروڑ افراد کے لئے کورونا ویکسین کا پیشگی معاہدہ کر لیا۔آسٹریلیا کے سائنسدانوں نے دعوی کیا ہے کہ وہ خون کے نمونوں سے صرف 20 منٹ میں کورونا وائرس کے مثبت ہونے کی تصدیق کرنے کے قابل ہوگئے ۔برطانیہ کی ایک کمپنی نے کہاہے کہ کلینیکل ٹرائل کے ابتدائی نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ کورونا کا نیا علاج ڈرامائی طور پر انتہائی نگہداشت کی ضرورت والے مریضوں کی تعداد کو کم کر دیتا ہے ۔علاوہ ازیں آکسفورڈ یونیورسٹی کی طرف سے بنائی گئی کورونا وائرس کی ویکسین کے ابتدائی نتائج آ گئے ہیں اور یہ بظاہر محفوظ ہے اور مدافعت کے نظام کو بیماری کا مقابلہ کرنے کے قابل بناتی ہوئی نظر آ رہی ہے ،اس کا تجربہ 1077 افراد پر کیا گیا اور انہیں انجکشن لگائے گئے تاکہ وہ اپنے جسم میں اینٹی باڈیز اور وائٹ بلڈ سیل بنائیں جو کورونا وائرس کا مقابلہ کر سکیں۔اس تحقیق کے نتائج نہایت امید افزا ہیں، لیکن ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ یہ اس بیماری سے تحفظ فراہم کرنے کے لئے کافی ہے اور اس کے لئے بڑے پیمانے پر ٹرائل ضروری ہیں۔