ملک بھرمیں کورونا وائرس کے مزید 11مریض چل بسے جبکہ 1425مثبت کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ سندھ حکومت نے پیر سے تعلیمی ادارے‘ شادی ہال‘ دکانیں‘ تفریحی مقامات اور دیگر تقریبات پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔کورونا وائرس کی چوتھی لہر نے ایک بار پھر پنجے گاڑنے شروع کر دیے ہیں۔ اس کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ کورونا کی یہ قسم بھارت سے آئے وائرس ڈیلٹا کی ہے۔ ڈیلٹا وائرس نے بھارت میں اس قدر تباہی پھیلائی ہے کہ سنٹر فار گلوبل ڈویلپمنٹ کی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ بھارت میں اموات کی تعداد 49لاکھ سے بھی زیادہ ہے ۔خدانخواستہ اگر ہم نے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کیں، تو اس بار ہمیں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ہمارے پاس نہ تو اتنے وسائل ہیں کہ لوگوں کو گھروں میں بند کر کے ان کے اخراجات چلائے جائیں نہ ہی ہمارا شعبہ صحت اس قدر مضبوط ہے کہ وہ ایسی کسی بھی ناگہانی آفت سے نمٹ سکے لہٰذا ہمیں احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہونگی۔ ماسک کا استعمال لازمی کریں، تقریبات اور تفریحات سے اجتناب کریں ۔گلے ملنے اور ایک دوسرے کے ساتھ ہاتھ ملانے سے بھی گریز کریں ۔سندھ حکومت نے ایک بار پھر پابندیاں لگانے کا اعلان کر دیا ہے، دیگر صوبوں کے لوگوں نے اگر احتیاطی تدابیر اختیار نہ کیں تو انہیں بھی ایسی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ لہٰذا احتیاطی تدابیر لازمی اختیار کریں تاکہ ہم اس وبا سے بچ سکیں۔