اسلا م آباد ، لاہور، ملتان، ساہیوال، کراچی، پشاور، کوئٹہ ، واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، 92 نیوز رپورٹ، بیورو رپورٹ، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید84افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد9557ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 2142نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد462814ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد37905ہو گئی،2419مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ415352صحتیاب ہو چکے ۔ نامور مزاح نگار انور مقصود بھی کورونا میں مبتلا ہو گئے اورخود کو گھرمیں قرنطینہ کرلیا۔ دو روز پہلے انور مقصود کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی تھی جس پر ٹیسٹ کرایا جو مثبت آگیا،، تاہم انکی صحت بہتر ہے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید44مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ653نئے کیس سامنے آگئے ۔ لاہورمیں360،راولپنڈی83،ملتان 22، فیصل آباد میں36کیسز سامنے آئے ۔نشتر ہسپتال ملتان میں مزید 2کورونا مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ زیر علاج مریضوں کی تعداد 56ہو گئی۔ساہیوال میں اینٹی کرپشن کے آئی او محمد سلیم کورونا میں مبتلا ہوگئے ۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں مزید40 مریضوں کی اموات ہو ئیں جبکہ 918 نئے کیسوں میں سے 635 کا تعلق کراچی سے ہے ۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے مطابق کراچی میں کورونا سے ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی کے سابق پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور بھی جان کی بازی ہار گئے ۔برطانیہ سے پاکستان آنیوالوں پر سفری پابندیوں میں نرمی کردی گئی ۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ردوبدل کے بعد جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بزنس، وزٹ اور ٹرانزٹ ویزا رکھنے والے پاکستانیوں کو وطن واپس آنے کی اجازت دیدی گئی ۔ پاکستان میں تعینات برطانوی سفارتکاروں کے اہلخانہ بھی پاکستان آسکتے ہیں۔ سٹڈی، فیملی، ورک اور سیٹلمنٹ ویزا رکھنے والے ایسے پاکستانی جن کا ویزا آئندہ تیس روز میں ختم ہورہا ہے کو بھی وطن واپس آنے کی اجازت ہے ۔ایئر لائنز عملہ بھی پاکستان آسکے گا لیکن برطانیہ سے آنیوالے ہر شخص کیلئے 72 گھنٹے پرانی منفی کورونا رپورٹ لازمی قرار دی گئی ہے ۔پاکستان پہنچنے پر برطانیہ سے آنیوالوں کو قرنطینہ بھی کرنا پڑیگا۔خیبر پختونخوا میں مزید14مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ349افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ۔کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے پشاور کے مزید چار علاقوں محلہ کوٹلہ خان،حیات آباد فیز 5،گل آباد نمبر دو اورسکندر ٹائون میں سمارٹ لاک ڈ ائون نافذ کردیا ۔بلوچستان میں کورونا کے مزید 2مریض انتقال کرگئے جبکہ5اضلاع سے 25 نئے مریض سامنے آگئے ۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں17لاکھ32ہزارسے زائد ہو گئیں۔ترک صدر طیب اردوان کے بھتیجے علی اردوان بھی کورونا سے انتقال کرگئے ۔علی صدر اردوان کے سوتیلے بھائی حسن کے بیٹے تھے ۔ جنوبی افریقہ میں بھی وائرس کی نئی قسم بہت تیزی سے پھیل رہی ہے ۔کورونا کی نئی قسم برطانیہ سے ایشیا بھی پہنچ گئی، ہانگ کانگ اور اسرائیل میں 6افراد میں اسکی تشخیص ہوئی ہے ۔برطانوی وزیر صحت میٹ ہین کاک نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ جنوبی افریقہ سے کورونا وائرس کی ایک اور مزید خطرناک قسم برطانیہ میں داخل ہوچکی ہے ۔ جنوبی افریقہ سے آنیوالے کورونا کے نئے وائرس کو 501۔V2 کا نام دیا گیا ہے اور یہ حالیہ دنوں میں جنوبی افریقہ سے واپس آنیوالے دو افراد میں پایا گیا ہے ۔ برطانیہ کے علاقہ کینٹ میں ستمبر میں جو کورونا وائرس کی جینیاتی طور پر تبدیل شدہ قسم سامنے آئی تھی جنوبی افریقی وائرس اس سے بھی زیادہ تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ یہ بات برطانیہ کیلئے انتہائی تشویش ناک ہے لہٰذا فوری طور پر جنوبی افریقہ سے آمد و رفت پر مکمل پابندی لگادی گئی ہے ۔ گزشتہ 14 روز میں جو لوگ جنوبی افریقہ سے آئے ہیں ان سے اپیل ہے کہ وہ قرنطینہ ہوجائیں۔مصر اور تیونس نے نئے سال کی تقریبات پر پابندی عائد کر دی ہے ۔آئرلینڈ نے کورونا کے باعث آج سے 12 جنوری تک پانچویں درجے کے لاک ڈائون اور برطانیہ کیلئے 31 دسمبر تک سفری پابندیوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تاہم آئرش حکومت نے غیرملکیوں کے ویزوں میں 3 ماہ کی عارضی توسیع کا اعلان کیا ہے ، 21 جنوری 2021 کو ختم ہونیوالے ویزوں کی میعاد 20 اپریل 2021 تک کردی گئی۔