لاہور،اسلام آباد، کراچی ، کوئٹہ، واشنگٹن (جنرل رپورٹر ، اپنے نیوز رپورٹر سے ،لیڈی رپورٹر، سٹاف رپورٹر ، کلچرل رپورٹر ،نمائندگان، 92نیوز رپورٹ ، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوزایجنسیاں )ملک میں کورونا سے مزید 136افراد چل بسے جبکہ 4944 نئے کیس سامنے آگئے ۔پاکستان متاثرین کے لحاظ سے دنیا بھر میں14ویں نمبر پر آگیا ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق کورونا نے مزید 136 زندگیوں کے چراغ گل کر دئیے ، اموات کی مجموعی تعداد 3229 ہوگئی۔ چوبیس گھنٹوں میں مزید 4944 کیس رپورٹ ہوئے ، کیسز کی مجموعی تعداد165,062 ہوگئی۔ سندھ میں سب سے زیادہ 62269 ،پنجاب 61678، خیبر پختونخوا20182، بلوچستان 8998 ، اسلام آباد 9941، گلگت بلتستان 1225جبکہ آزاد کشمیر میں 769کیس رپورٹ ہو چکے ۔ این سی او سی کے مطابق چوبیس گھنٹوں میں28,824 ٹیسٹ کئے گئے ، ابتک 1,011,106 ٹیسٹ کئے جا چکے ۔ پنجاب1265 ، سندھ 964، خیبر پختونخوا 773 ،بلوچستان 99 ، اسلام آباد 95 ا، گلگت بلتستان 18 ، آزاد کشمیر میں15 اموات ہوچکیں جبکہ61,383 مریض صحتیاب ہوچکے ۔ این سی اوسی کے مطابق جولائی تک 1500 مزیدوینٹی لیٹرز ہسپتالوں کو دیدئیے جائیں گے ۔ ملک میں کورونا ٹیسٹنگ کیپسٹی میں 65 فیصد سے زائد اضافہ کر دیا گیا ۔پندرہ جولائی تک ایک لاکھ ٹیسٹ یومیہ کرنے کی صلاحیت ہوگی۔ پاکستان میں کورونا سے اموات کی شرح1.93جبکہ دنیا میں5.37 فیصد ہے ۔ کورونا سے مرنیوالے 73 فیصد مریض شدید بیماریوں میں مبتلا تھے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب میں مزید63افراد جان سے گئے جبکہ 1540 نئے مریض رپورٹ ہوئے ۔ لاہور میں 879نئے متاثرین سامنے آگئے ۔صوبے میں صحتیاب افراد کی تعداد 17,892 ہو چکی ۔ا بتک 396,917ٹیسٹ کیے جا چکے ۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن کے مطابق پنجاب کے 46 ٹیچنگ ہسپتالوں سے ابتک 4884 مریض صحتیاب ہوچکے ۔ سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کیلئے مختص 6305 بیڈزمیں سے 4168بیڈخالی ہیں۔لاہورکے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں 2333 میں سے 1687 بیڈخالی ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا صوبے میں 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 49 افرادجان کی بازی ہار گئے جبکہ ریکارڈ 2894 نئے کیس سامنے آئے ۔ کراچی کے سرکاری و نجی ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کیلئے صرف 15 وینٹی لیٹرز خالی رہ گئے ۔لاہور کی ماتحت عدالتوں کے تمام160ججز کے کورونا ٹیسٹ مکمل کر لئے گئے ۔ کورونا نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ایک اور پروفیسر کی جان لے لی۔پروفیسر ڈاکٹر قمر خلیل چھ سال سے یونیورسٹی میں بطور میڈیکل آفیسر ذمہ داری سرانجام دے رہے تھے ۔ مسلم لیگ ن پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری کے والدین کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ۔سیدزاہد بخاری اور شاہدہ مظفر کوبحریہ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ معروف اداکار کاشف خان بھی کورونا کا شکار ہو گئے ۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریارآفریدی،سابق وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی عدالت کے ریڈر عمران خان کورونا سے صحتیاب ہو گئے ۔چیچہ وطنی سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی رائے مرتضیٰ اقبال کی رپورٹ نیگٹو آ گئی ۔ بوریوالا میں دو لیڈی ڈاکٹرز سمیت مزید 6 افراد میں کورونا کی تصدیق ہو گئی۔شہر کے 3 مقامات کو سیل کر دیا گیا۔ سمبڑیال میں متعدد علاقوں کو سیل کر دیا گیا ۔ کراچی میں 80 فیصد لاک ڈاؤن کردیا گیا۔ چھ اضلاع کی یوسیز میں سمارٹ لاک ڈاؤن مکمل لاک ڈاؤن میں تبدیل ہوگیا ۔ حیدرآباد کے سو سے زائد علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون پرعملدرآمد شروع کردیا گیاتاہم بیشتر علاقوں میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے میں ناکام رہی ۔ ادھر دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد87لاکھ جبکہ اموات 4لاکھ 60 ہزار ہو گئیں۔ گزشتہ 24گھنٹوں میں 124,635نئے متاثرین سامنے آگئے ۔ برازیل میں متاثرین کی تعداد 10لاکھ سے تجاوز کر گئی۔بھارت میں14,721نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔لاک ڈائون سے روکنے والے ایریزونا کے پائنل کاؤنٹی شیرف مارک لیمب بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ۔نیوزی لینڈ نے ایک بار پھر کورونا سے پاک ہو نے کا دعویٰ کیا ہے ۔جاپان نے سفری پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ۔سعودی عرب میں کورونا کے ریکارڈ 4919کیس رپورٹ ہوئے ۔عرب میڈیا کا بتانا تھا علاقائی فضائی آپریشن ایک بار پھر 2 ماہ کیلئے معطل کردیا گیا ہے ۔مکہ کی 1560 مساجد کل سے احتیاطی تدابیر کے تحت کھولنے کا اعلان کردیا گیا۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈ روس نے خبردار کیا ہے کورونا کی وبا ایک نئے اور خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی ، لوگ لاک ڈاؤن سے تنگ آ چکے لیکن وبا ابھی بھی بہت تیزی سے پھیل رہی ہے ۔برطانیہ نے کورونا کے خطرے میں ایک درجے کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے اب وبا لیول تین پر آگئی ہے یعنی متاثرین کی تعداد مسلسل کم ہو رہی ہے ۔ یورپی یونین نے کورونا بحران سے نمٹنے کے منصوبے پر بحث کا آغاز کر دیا ، جسکے تحت 750ارب یورو فنڈز جمع کئے جائینگے تاکہ وبا سے ہونیوالے نقصان کا ازالہ کیا جاسکے ۔