اسلام آباد،لاہور،کراچی(جہانگیر منہاس، قاضی ندیم اقبال،ایس ایم امین)مختلف مسالک کے جید علماء و مشائخ نے کورونا اور دیگر وبائی امراض سے نجات کے لئے آج جمعتہ المبارک کو یوم توبہ کے طور پر منانے ،اجتماعی دعا کرنے ، اﷲ تعالیٰ کے حضور سر بسجود ہو کر اپنی کوتاہیوں، گناہوں کی معافی طلب کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بھی اس ضمن میں آگے بڑھے اور ملکی سطح پراپنا بھرپور کردار ادا کرے ۔چیئرمین امن کمیٹی اورمذہبی سکالر علامہ پیر سید اظہار بخاری ، پیر سید سعادت علی شاہ آف چورا شریف ، مفتی سعید احمد نے قوم سے اپیل کی کہ آج جمعۃ المبارک کے روز خدا کی بارگاہ میں کورونا وائرس سے نجات کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں، دعا و استغفار کی ویکسین سے کوروناکی موت ہو سکتی ہے ۔ پیر سید اظہار بخاری نے کہا کہ پوری قوم عاجزی و انکساری سے اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی معافی طلب کرے ۔خدا قوم یونس پر توبہ کرنے سے عذاب ٹال سکتا ہے تو امت مسلمہ کو بھی کوروناسے نجات دے سکتا ہے ۔پیر سید سعادت علی شاہ چورا شریف نے کہا کہ کورونا کے خاتمے کیلئے حکومت تنہاکچھ نہیں کر سکتی اس کیلئے اسے اپوزیشن اور عوام کو ساتھ لے کر چلنے کی ضرورت ہے ۔مفتی سعید احمد نے کہا کہ بحر و بر میں فساد ہماری بد اعمالیوں کا نتیجہ ہے ۔ زمین کے سینے پر بیگناہ انسانوں کا خون بہایاجائیگابے حیائی پھیلے گی تومصیبتوں کا باب کھل جائیگا ۔جمعیت اتحاد علما پنجاب کے صدر مولانا امیر عثمان نے کہا کہ کورونا کی وبا اللہ کی ناراضی کی علامت ہے ،ہمیں اپنے رویوں کو بدلنے کی ضرورت ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان کوروناوبائسے نجات کیلئے یو م استغفارکا اعلان کر یں اور پو ری قوم کو اجتماعی طور پر اللہ سے معافی کی ترغیب دیں ۔ ادھر مرکزی امیر عالمی اہلسنت پاکستان پیر مصطفی ٰاشرف رضوی نے کہا کہ کورونا وباء کا پھیلائو در اصل ہمارے گناہوں کی سزا ہے ۔ موجودہ حالات میں ہم سب پر فرض ہے کہ ہم آج جمعتہ المبارک کو یوم توبہ کے طور پر منائیں اور بحیثیت مجموعی توبہ کرتے ہوئے اﷲ کی رضا اور بخشش طلب کریں۔خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے ، بادشاہی مسجد میں آج نماز جمعہ کے بعد بچاؤ کے لئے اجتماعی دعا کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی رجو ع الی اللہ اور استغفار کرنے سے کورونا کے خاتمہ میں مدد ملے گی ۔ مرکزی سیکرٹری جنرل جمعیت علماء پاکستان پیر محمد صفدر شاہ گیلانی نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں گناہوں پر ندامت، توبہ و مناجات اور خصوصی دعائوں کے اہتمام کے ساتھ اﷲ کی طرف رجوع کرنے کی ضرورت ہے ۔ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اﷲ کے حضور توبہ واستغفار کریں اور راضی کرنے والے اعمال میں لگ جائیں،صدقہ وخیرات کی کثرت کریں،کیوں کہ یہ اﷲ رب العزت کو بہت زیادہ پسند ہے اور اس کے ذریعے اس کی ناراضی دور ہوتی ہے ۔ سیکرٹری جنرل بزم قادریہ جیلانیہ سید محمد قاسم نے کہا کہ اﷲ کے نزدیک ندامت کا آنسو شہیدوں کے خون کی مانند اہمیت رکھتا ہے ۔دعا کی ایک صورت استغفار ہے ، یہ بھی مصیبتوں سے نجات پانے کا ایک غیبی نسخہ ہے ۔ادھرمعروف مذہبی سکالر مفتی محمد اقبال نقشبندی نے کہا کہ کوروناوباسے پوری دنیا متاثر ہوئی خاص طور اس وبا میں امت مسلمہ کا بہت نقصان ہوا ہے ۔ ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اللہ سے رجوع کریں، اللہ کے حضور سچے دل سے توبہ کریں ۔ ہم اپنے گناہوں سے توبہ کر لیں گے تو پھر حالات بہتری کی طرف آئیں گے اور اللہ کی زمین پر اللہ کی رحمت برسے گی۔انہوں نے علمائے کرام سے اپیل کی کہ وہ آج جمعہ کو یوم توبہ اور یوم دعا کے طور پر منائیں اور کیا ہی اچھا ہوتا کہ ہماری حکومت بھی اس جمعہ کو سرکاری سطح پر یوم استغفار اور یوم دعا کے طور پر منانے کا اہتمام کر لے ۔ مفتی محمد اقبال نقشبندی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نماز جمعہ کے اجتماعات اور ہر فرض نماز کے بعد دعا میں کورونا جیسے وبائی مرض سے بچائواور امت مسلمہ کی حفاظت کے لئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں۔