لاہور، اسلام آباد( کلچرل رپورٹر،نیٹ نیوز) کورونا ایس اوپیزکے دوہرے معیارپرمداحوں نے اداکارہ ریشم کوشدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔کچھ عرصے قبل صدارتی ایوارڈ حاصل کرنے والی اداکارہ ریشم خبروں کی زینت بنی تھیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چند روز قبل ریشم لاہورسے اسلام آباد جارہی تھیں جہاں انہوں نے راستے میں لوگوں کی جانب سے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی ویڈیو شیئر کی تھی۔ دوسری جانب اداکارہ کی ایک ایسی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ وفاقی وزیر فواد چوہدری کی سالگرہ کی تقریب میں دیگر ستاروں کے ساتھ بغیر ماسک کے شریک ہیں ۔ مداحوں نے کہا کہ ابھی بس سے اترنے والے مسافروں کوخوب بھاشن دے رہی تھیں اب خود کیوں کورونا ایس او پیز پر عمل نہیں کر رہیں ۔ صارفین نے کہا کہ اب ماسک اور کورونا ایس او پیز کہاں ہیں؟ ایک اورصارف نے کہا کہ یہ تو دوہرا معیارہے ۔