اسلام آباد(این این آئی)سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ آزمائش کی گھڑی میں ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں ،پاکستان اور پاکستانی بھائیوں کی امداد کیلئے ہم ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے رابطہ عالم اسلامی کی طرف سے پاکستان میں کورونا وائرس کیخلاف مہم کیلئے کروڑوں روپے کے امدادی سامان کی پہلی کھیپ حکومت پاکستان کے حوالے کئے جانے کی تقریب سے خطاب میں کیا ۔تقریب میں وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری ،ڈائریکٹرجنرل نیشنل کورونا کنٹرول پروگرام راجہ امجد محمود،ڈائریکٹر جنرل رابطہ عالم اسلامی سعد مسعود الحارثی بھی موجود تھے ۔ڈائریکٹرجنرل کورونا کنٹرول پروگرام راجہ امجد محمود نے کہا کہ اسلامک ریلیف آرگنائزیشن نے پاکستان کیلئے تشخیصی آلات،270تھرمل سکینزز،550سرجیکل ماسک کے کارٹن،سینی ٹائزرکے 550 کارٹن،ڈائیگناسٹک کٹس 350،کور آل گاؤنز550، سرجیکل گلووز550 باکس اور سیفٹی کٹس کے 1500کارٹن شامل ہیں ۔سعودی سفیرنے کہاکہ کورونا وائرس کی شکل میں آنیوالی وباء سے نجات کی مہم میں سعودی عرب اپنے دوست اور برادر ملک کے شانہ بشانہ شریک ہے ۔وفاقی وزیر نور الحق قادری نے کہا کہ کورونا کیخلاف سعودی امداد پر شکر گذار ہیں، حکومت نے طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کی بدولت ہم جلد اس وبا پر قابو پا لیں گے ۔