لاہور(سپورٹس رپورٹر )پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ایک روزہ سیریز سے قبل اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں لیے گئے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں، مینجمنٹ اراکین اور آفیشلز کے تمام 107 ٹیسٹ کی رپورٹس منفی آئی ہیں،ان تمام افراد کے کورونا ٹیسٹ گزشتہ روز لیے گئے تھے ، جن کی رپورٹس منفی آنے کے بعد اب یہ تمام کھلاڑی، مینجمنٹ اراکین اور آفیشلز بائیو سیکیور ببل کا حصہ بن گئے ہیں،ان تمام افراد کو آپس میں ملنے جلنے کی مکمل آزادی ہے ۔قومی سکواڈ 26 اکتوبر بروز پیر کو بذریعہ روڈ لاہور سے اسلام آباد پہنچا تھا جبکہ مہمان سکواڈ میں شامل کھلاڑی اور آفیشلز بھی گزشتہ روز اسلام آباد کے مقامی ہوٹل منتقل ہوئے تھے ۔ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ سپر لیگ میں شامل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لئے دونوں سکواڈز نے گزشتہ روز پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹریننگ کا آغاز کر دیا اور ٹریننگ سیشن تین گھنٹے جاری رہا۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ایک روزہ میچ تیس اکتوبر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔