کراچی(سٹاف رپورٹر)سندھ کے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادرشاہ نے وفاق سے ٹرین سروس ایک ہفتے کے لئے بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ سندھ میں کورونا کیسزبڑھے تو ذمے داروزیرریلوے ہونگے ۔انہوں نے ریلوے سٹیشنز پر رش اور ایس او پیز پر عمل نہ کرنے پر کہا کہ پورے ملک میں پبلک ٹرانسپورٹ بند ہے مگر وزیراعظم اور وزیر ریلوے کی نااہلی کی وجہ سے ٹرینیں چل رہی ہیں۔ اویس قادر شاہ نے کہا کہ ریلوے سٹیشنز پر ریلوے انتظامیہ ایس او پیز پرعمل کرانے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ نجی کاروں میں سفر کرنے والے مسافر بھی ماسک کا استعمال نہیں کررہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ مکمل بند ہے ۔وفاق شہریوں کی زندگی سے کھیلنا بند کرے اور ٹرینیں بند کرنے کا اعلان کرے ۔ سندھ بھر میں ایس او پیز اور پابندی کی خلاف ورزیاں کرنے پر ایک ہفتہ میں200سے زائد مسافرگاڑیاں بنداورلاکھوں روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔