اسلام آباد (لیڈی رپورٹر،این این آئی)وفاقی وزیر نے اسد عمر نے کہا ہے پاکستان میں سمارٹ لاک ڈاؤن اور حفاظتی تدابیر اپنانے سے مجموعی طور پر کورونا وائرس کی روک تھام کی صورتحال بہتر ہوئی ہے تاہم سندھ بالخصوص کراچی میں بہتری نظر نہیں آرہی۔ این سی او سی میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے اسد عمر نے کہا سمارٹ لاک ڈاؤن سے مریضوں کی تعداد میں کمی ہوئی ہے ، ایس او پیز پر عملدرآمد سے وبا کا پھیلاؤ کم ہوگا، حفاظتی تدابیر اپنائی تو جولائی کے آخر تک تعداد 4 لاکھ سے بھی کم ہوگی۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں اسد عمر نے کہا اسلام آباد میں یومیہ 700 سے زیادہ کورونا کیسز تھے ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں صرف 113 کیس رپورٹ ہوئے ، گزشتہ روز مثبت کیسز کی شرح پانچ فیصد اور چند دنوں سے لگاتارسنگل عدد میں ہے ۔ اسلام آباد کی انتظامیہ، پولیس، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور شہریوں نے بہترین کام کیا ۔