لاہور (پ ر ) دی ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس(اے سی سی اے ) کی تازہ ترین رپورٹ’’اِنسائٹس اِن ٹو اِنٹیگریٹڈ رِپورٹنگ 4.0 (Insights into Integrated Reporting)‘‘میں بتایا گیا ہے کہ مستقبل میںCOVID-19کے خطرات سے نمٹنے کیلئے کمپنیاں انٹیگریٹیڈ رپورٹنگ استعمال کریں جو بہترین طریقہ ہے اور اِسی کے ساتھ اپنے وسائل کے استعمال کیلئے بھی بہترین طریقے استعمال کریں اور قدر(value) کی تخلیق کو فروغ دیں۔یہ رپورٹ انٹرنیشنل انٹیگریٹیڈ رپورٹنگ کونسل (آئی آئی آر سی) بزنس نیٹ ورک کی رُکن 48کمپنیوں کے سروے کے بعد جاری کی گئی ہے ۔ جیسا کہ دنیا بھر میں ،وباء کے باعث پیداہونے والی امکانی کساد بازاری سے نمٹنے کیلئے معیشتیں اورکمپنیاں تیاری کر رہی ہیں، رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ وہ استحکام، وسائل کے بہترین استعمال اور مربوط سوچ پر توجہ مرکوز کریں تاکہ کمپنیوں کو خطرات سے نمٹنے اور اپنی رپورٹنگ بہتر بنانے میں مدد مل سکے ۔