لاہور(اپنے رپورٹر سے ) ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز نے کہا ہے کہ لاہور کورونا وائرس سے تدارک کے لئے واسا کی جانب سے شہر میں 20 مقامات پر موجود واٹر ٹینکرز سے 60 ہزار سے زائد شہری ہاتھ دھو چکے ہیں۔شہر میں اب تک 60 ہزار سے زیادہ شہری واٹر ٹینکرز کی سہولت سے استفادہ حاصل کر چکے ہیں۔سب سے زیادہ راوی ٹاؤن میں چار مقامات پر واقع ٹینکرز سے 16186 شہریوں نے ہاتھ دھوئے ۔شالامار ٹاون میں 10 ہزار سے زیادہ شہریوں نے ہاتھ دھوئے ۔گلبرگ ٹاؤن میں لبرٹی اور شادمان مارکیٹ میں واقع ٹینکرز سے اب تک 3220 شہریوں نے ہاتھ دھوئے ۔ انہوں نے کہا کہ واسا لاہور نے کورونا کے پیش نظر 16 مارچ سے شہر میں 20 مختلف مقامات پر واٹر ٹینکر مہیا کیے ہیں۔شہری صبح 9 بجے سے رات 9 بجے تک کلورین ملے پانی سے ہاتھ دھو سکتے ہیں۔مشکل کی گھڑی میں شہریوں کی سہولت کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہے ہیں۔