اسلا م آباد ،لاہور،کراچی(رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا نے پاکستان میں مزید76افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد23209ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 7.53فیصد رہی، 4497نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیسز59761ہو گئے ،3084 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ کورونا کی روک تھام کے فیصلہ ساز ادارے این سی او سی نے مکمل لاک ڈاؤن کی مخالفت کردی۔ وفاقی وزیر و سربراہ این سی او سی اسد عمر نے ویکسی نیشن نہ کرانیوالوں کو ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ 31 اگست سے مزید بندشیں لگنے جا رہی ہیں، 31 اگست کے بعد ویکسی نیشن نہ کرانیوالوں کے کام کرنے پر پابندی ہو گی۔ وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کیساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ سب سے زیادہ ویکسین لگوانے کی شرح اسلام آباد میں 56 فیصد ہے جبکہ ویکسین لگوانے کی سب سے کم شرح سندھ اور کراچی میں ہے ۔ ایک سال سے زائد ہوگیا، ہم کورونا وائرس کیساتھ زندگی گزار رہے ہیں، رمضان میں ایس او پیز کیلئے بڑا کام کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان کہہ چکے کہ ملک بند نہیں کر سکتے ۔ہم چاہتے ہیں کسی کا روز گار متاثر نہ ہو اور معیشت چلتی رہے ۔سندھ حکومت کورونا کا پھیلائو روکنے کیلئے ہرممکن کوشش کر رہی،ہم ہر ممکن تعاون کرینگے ۔ملک بند کر کے وبا کا مقابلہ نہیں کر سکتے ، لاک ڈاؤن لگانے کے بعد دوبارہ کھولتے ہیں تو پھیلاؤ پھر ہوجاتا ہے ۔ سندھ حکومت کو ایس اوپیز پر عملدرآمد کیلئے رینجرز اور فوج سمیت ہر سہولت مہیا کی جائیگی۔یکم اگست سے ہوائی سفر کرنیوالوں کیلئے ویکسی نیشن لازمی ہو گی، کم از کم ایک ڈوز لگوانے والے مسافر ہوائی جہاز پر سفر کر سکیں گے ۔ اساتذہ کو بھی ویکسین لگوانا لازمی ہوگا، بچوں کی صحت پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے ، جن اساتذہ نے ویکسی نیشن نہیں کرائی وہ یکم اگست کے بعد سکول نہیں جا سکتے ۔ بسوں کے ڈرائیورز، کنڈکٹرز،ٹرین عملہ کو ویکسی نیشن کرانا ہو گی۔ ڈیٹا اور تجربے کو مد نظر رکھ کر پلان مرتب کیا، ہم زور لگاتے ہیں تو وبانیچے آتی ہے ، مکمل طور پر وباسے نکلنا چاہتے ہیں تو ویکسی نیشن حل ہے ، 3 دن پہلے 6 لاکھ 80 ہزار ویکسی نیشن ہوئی جو ایک ریکارڈ تھا۔ ملک میں ویکسین مہم بڑے پیمانے پر تیزی سے جاری ہے جس کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ، بہتر کارکردگی میں وفاق کی تمام اکائیاں شامل ہیں۔ ساڑھے 8 لاکھ سے زائد ویکسی نیشن کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے جس پرطبی عملے کو بھی مبارکباد دیتا ہوں۔ گزشتہ روز تمام صوبوں نے ویکسی نیشن کے نئے ریکارڈ قائم کئے ، ایس او پیز پر عملدرآمد کر کے کورونا سے بچا جا سکتا ، بچائوکا واحد حل احتیاط ہے لیکن کئی لوگ اب بھی کورونا کو سنجیدہ نہیں لے رہے ۔ بچوں کو سکول لے جانیوالے ڈرائیوار، کنڈکٹر 31 اگست سے پہلے ویکسین لگوائیں۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار بھی 31 اگست تک ویکسی نیشن کرا لیں، ویکسین کا عمل آسان ترین کر دیا ۔ ہوٹلز، ریسٹورانٹس، میرج ہالز میں کام کرنیوالوں کو بھی ویکسین لگوانا لازمی کر دیا ۔ ویکسین نہ لگوانے والے 31 اگست کے بعدہوٹلز، ریسٹورانٹس، میرج ہالز میں کام نہیں کر سکیں گے ۔ پبلک ڈیلنگ والے دفاتر میں بغیر ویکسی نیشن31 اگست کے بعد کام کرنے پر پابندی ہوگی۔ 18 سال سے زائد عمر کے طلبہ 31 اگست تک ویکسینیٹ ہونگے ، بس و کوسٹرز ڈرائیورز، بس اڈوں اور عوامی مقامات پر کام کرنیوالوں ،پبلک سیکٹر اورسرکاری دفاتر کے ملازمین کیلئے ویکسین لگوانے کی آخری تاریخ بھی 31 اگست ہے ۔ ویکسین نہ لگانے والوں پر دکانوں ، مارکیٹس میں 31اگست کے بعد کام کرنے پر پابندی ہوگی۔ آئندہ صورتحال دیکھ کر مزید شعبوں کی فہرست جاری کی جائیگی، ان سیکٹرز میں ویکسی نیشن لازمی کر رہے ہیں جو بند ہونے سے متاثر ہوئے ۔دریں اثنا ا مریکہ کی طرف سے پاکستان کو موڈرونا ویکسین کی اضافی 30لاکھ خوراکیں دینے کی تقریب سے خطاب میں ڈاکٹرفیصل نے کہا کہ رواں سال کے آخر تک 70 فیصد آبادی کو ویکسین لگا دینگے ۔ ناظم الامور امریکی سفارتخانہ اینجیلا پی ایگلر نے کہا کہ یہ عطیہ امریکہ کی طرف سے 50 ملین ڈالرز فنڈنگ کا حصہ ہے ۔ترجمان محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 592نئے کیس سامنے آگئے ۔ لاہور میں245،راولپنڈی147،فیصل آباد 28اورشیخوپورہ میں9کیس رپورٹ ہوئے ۔ صوبہ میں کورونا کی مجموعی مثبت شرح 3.4 جبکہ لاہور میں 3.5ریکارڈ کی گئی۔ سیکرٹری سپیشلائزڈہیلتھ کیئر عامر جان کے مطابق پنجاب میں مزید337کورونامریض صحتیاب ہو گئے ۔وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا کہ صوبہ میں تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکول 2 اگست کو کھل جائینگے اور اوقات صبح ساڑے سات بجے سے دوپہر ساڑے 12 بجے تک ہونگے ۔ سکولوں میں یومیہ 50فیصد حاضری اور کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدارآمد کرایا جائیگا۔ سکولوں کو کھولنے اور اوقات کے حوالے سے سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔ذرائع کے مطابق کورونا میں مبتلا سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی طبیعت ناساز ہو گئی جس پر ڈاکٹروں نے ان کا دو بار معائنہ کیا۔جسٹس فائز عیسٰی کی اہلیہ سرینا عیسیٰ کی طبیعت بھی ایک روز قبل بگڑ گئی تھی۔علاوہ ازیں پاکستانی فلمی صنعت کے لیجنڈ اداکار مصطفے ٰ قریشی اور انکی اہلیہ بلبل مہران گلوکارہ روبینہ قرشی بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے اورخود کوگھر میں قرنطینہ کر لیا ۔ ادھرمحکمہ صحت اسلام آباد نے ڈپٹی کمشنر کو مراسلہ میں کورونا مریضوں میں اضافہ پر وفاقی دارالحکومت کے 3 سب سیکٹرز میں آمدورفت پر پابندیوں کی سفارش کی ہے ۔نجی ایئر لائن کی پرواز پر مسقط سے ملتان ایئر پورٹ پہنچنے والے ایک مسافر کوکورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر قرنطینہ سنٹر منتقل کردیاگیا۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں مزید44کورونامریض انتقال کرگئے جبکہ 2797 نئے کیسزمیں سے 1796 کا تعلق کراچی سے ہے ۔ادھرخیبر پختونخوا میں مزید9 کورونا مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ414 نئے کیس سامنے آگئے ۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں42لاکھ10ہزار سے زائد ہو گئیں۔آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے پولیس کمشنر نے کورونا لاک ڈاؤن پر سختی سے عملدرآمد کیلئے فوج کو طلب کر لیا۔عمان کی حکومت نے رات کے لاک ڈائون میں غیر معینہ مدت تک توسیع کردی۔ اتحاد ایئر لائن نے بھارت سے متحدہ عرب امارات کیلئے پروازیں روک دیں جبکہ کہ متحدہ عرب امارات سے بھارت کیلئے پروازیں اور کارگو پروازیں جاری رہیں گی۔چین میں بھارتی کورونا ڈیلٹا کے پھیلائو شہر ننجنگ میں پوری آبادی کی تیسری مرتبہ کورونا ٹیسٹنگ کی جا رہی ہے جبکہ ننجنگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کوبند کر دیا گیا۔سعودی عرب نے بیرون ملک جانیوالے شہریوں کیلئے نئے سفری ضوابط جاری کردیئے ۔