اسلا م آباد ،لاہور،ٹیکسلا ،کراچی ،واشنگٹن ( خبر نگار خصوصی،کامرس رپورٹر،نمائندہ خصوصی سے ،سٹاف رپورٹر،تحصیل رپورٹر،92نیوزرپورٹ، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید13 افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی تعداد6715ہو گئی جبکہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر کا خدشہ بڑھنے لگا،گزشتہ سات دنوں میں 90 اموات ہوچکی ہیں ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں736نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد326216ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد 9855ہو گئی،586مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور309646صحتیاب ہو چکے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید 6کورونا مریض دم توڑ گئے جبکہ 146نئے کیس سامنے آ گئے ۔ لاہور 76،راولپنڈی 15،بہاولپور13،ملتان 15،گجرات 5،فیصل آبادمیں 9کیسز سامنے آئے ۔ نشتر ہسپتال ملتان میں41 مریض ہو گئے ۔واہ ماڈل ٹاؤن کا رہائشی 55 سالہ شخص زندگی کی بازی ہار گیا ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر سارہ قدیر نے بتایا 3 تین مریض بھی سامنے آئے ہیں۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت این سی اوسی کے اجلاس میں بتایاگیاکہ مسلسل پانچویں دن مثبت کیسز کا تناسب بڑھ رہا ۔ پچھلے 4 دنوں میں اوسطا مثبت شرح 40 فیصد زیادہ ہے ، اموات میں بھی اضافہ ہورہا ۔ پنجاب کے ہسپتالوں میں داخلوں میں بھی اضافہ ہورہا۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایاکہ صوبہ میں مثبت کیسز کا تناسب زیرو اعشاریہ 92 سے بڑھ کر 1.33 تک ہو گیا۔ پاکستان میں کورونا سے اموات کا تناسب دنیا کے 2.72 فیصد تناسب کے مقابلے میں 2.06 فیصد ہے ۔پنجاب میں کورونا کے بڑھتے خطرے پرصوبائی حکومت نے نئی پلاننگ شروع کردی۔ 55 سال سے زائد عمر کے سرکاری ملازمین کو گھر سے کام کی اجازت دینے پرغور کیا جا رہا ۔ بچوں کیساتھ آنیوالی خواتین سرکاری ملازموں کو بھی گھر سے کام کی اجازت دینے کی تجویز ہے ۔ وزیر قانون پنجاب بشارت راجہ نے کابینہ کمیٹی انسداد کورونا کے اجلاس میں کہا کہ ایس او پیز کو نظر انداز کردیا گیا، اگر عوام کا یہی رویہ رہا تو حکومت کو مجبورا ًسخت اقدامات کرنا ہونگے ۔ سیکرٹری پرائمری ہیلتھ نے بتایاکہ ٹیسٹ مثبت آنے پرحافظ آباد اور بھکر میں ایک ایک سکول بند کیا گیا جبکہ متعدد اضلاع میں کلاس رومز بھی بند کئے گئے ۔دریں اثنا ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزکو کوروناویکسین کے انسانوں پرتجربے کالائسنس جاری کردیا۔ذرائع کے مطابق کوروناویکسین کی تیاری کے سلسلہ میں یہ لائسنس 3 سال کیلئے جاری کیا گیا ہے ۔یو ایچ ایس چینی ویکسین کے فیز تھری ٹرائل کی سائٹ ہے ۔ ویکسین جیسے ہی پاکستان پہنچے گی رضاکاروں کوٹرائل میں شامل کیاجائیگا۔ادھر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں مزید 3 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 305 نئے کیسوں میں سے 205 کا تعلق کراچی سے ہے ۔چارسدہ میں4 اساتذہ میں کورونا کی تصدیق پر 2سکول پانچ دن کیلئے بندکردیئے گئے ۔دنیا بھرمیں 1146992اموات ہو گئیں۔یورپ میں کورونا کی دوسری لہر شدت اختیار کر گئی، 24گھنٹوں میں دو لاکھ سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ،ایک ہزار 798 مریض جان کی بازی ہار گئے ،ورلڈ و میٹرپرگزشتہ دس روز میں کورونا کیسز کی تعداد میں دو گنا اضافہ ریکارڈکیا گیا۔