لندن،نیویارک،لاہور، اسلام آباد،کراچی (اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک،صباح نیوز، جنرل رپورٹر، خبر نگار خصوصی،سٹاف رپورٹر) کورونا کی نئی قسم نے دنیا بھر میں ہلچل مچادی،کئی ملکوں نے 8افریقی ملکوں پر پابندیاں لگادیں،عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں گر گئیں جبکہ ملک بھر میں کورونا سے مزید 7افراد جاں بحق ہو گئے ۔جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کا تیز رفتار وائرس رپورٹ ہو نے پر امریکہ ،یورپ سمیت کئی ممالک نے 8 افریقی ممالک پر سفری پابندیاں عائد کر دیں ۔ یورپی یونین، امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، سعودی عرب، جرمنی، اسرائیل،جاپان اور سنگاپور سمیت متعدد ممالک نے 8جنوبی افریقی ممالک جنوبی افریقہ، بوٹسوانا، ایسواٹینی، لیسوتھو، موزمبیق، نمیبیا اور زمبابوے کیساتھ مختلف سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ نئے ویرینٹ کی وجہ سے یورپ میں کرسمس تقریبات کوخطرات لاحق ہوگئے ۔ پہلا کیس بیلجیئم میں پایا گیا۔علاوہ ازیں کورونا وائرس کی نئی قسم نے دنیا کو پھر ڈرا دیا،عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی آگئی ۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 10 فیصد کی نمایاں کمی آئی ہے جسکے بعد یہ قیمت گزشتہ ڈیڑھ سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے ۔عالمی میڈیا کے مطابق جمعہ کو مارکیٹ کھلتے ہی خام تیل کی قیمت میں 8.77 ڈالر کمی دیکھی گئی جسکے بعد فی بیرل قیمت 73.45ڈالر تک گر گئی۔امریکہ میں خام تیل کی فی بیرل قیمت میں تقریباً ساڑھے 7 ڈالر کی بڑی کمی ہوئی ہے جسے بعد خام تیل 69.51ڈالر بیرل پر ٹریڈ کر رہا ہے ۔ امریکی خام تیل کی قیمت 12فیصدتک گرگئی اور فی بیرل قیمت 70ڈالرسے نیچے آگئی۔دنیا بھر میں سٹاک مارکیٹس کریش کر گئیں،ایئرلائنزاورٹریول گروپس کے شیئرزبھی گرگئے ۔بھارتی ریاست کرناٹک کے کالج میں نئے طلبا کیلئے پارٹی کے بعد ایک دن میں کورونا کیسز کی تعداد 66 سے 182 تک پہنچ گئی۔آسٹریلین و زیر اعظم نے تما م شہریوں کو کوروناکی بوسٹر ویکسین بک کرانے کی ہدایت کردی ۔نیدر لینڈ زمیں نئی پابندیوں کااعلان کردیاگیا۔ملک کوشام 5 بجے سے صبح 5 بجے کے درمیان مکمل بند کر دیا گیا ہے ۔نئی پابندیوں کے خلاف ہیگ میں درجنوں افراد نے مظاہرہ کیا۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے کورونا کی نئی قسم کو تشویشناک قسم قرار دیتے ہوئے اسے اومیکرون کا نام دیا ۔کورونا کی نئی قسم کے پھیلاؤ کے خدشے پیش نظر خلیجی ائیرلائن نے زمبابوے کی فلائٹس معطل کردیں جس کے باعث پاکستان سمیت 9 ملکوں کی خواتین ٹیمیں زمبابوے میں پھنس گئیں۔این سی اوسی کے مطابق کورونا سے ملک بھر میں مزید7مریض انتقال کر گئے جس کے بعد مرنے والوں کی کل تعداد28697تک پہنچ گئی ۔گزشتہ24گھنٹوں کے دوران252نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔ملک میں مثبت کیسز کی شرح0.71فیصد تک پہنچ گئی ۔ اب تک4کروڑ96 لاکھ13ہزار535افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے ۔ لاہور سمیت پنجاب بھر میں کوروناکے 90 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 3 شہری جاں بحق ہوئے ۔ یونیسف کی طرف سے کوویکس کے تحت جرمنی کی طرف سے عطیہ کی گئی 15 لاکھ موڈرنا ویکسین کی خوراکیں پاکستان پہنچ گئی ہیں۔ محکمہ داخلہ سندھ کے حکمنامے کے مطابق سندھ میں صرف ویکسینیڈ افراد کو مساجد میں نماز کی اجازت ہوگی۔