اسلا م آباد ،لاہور،کراچی،نیویارک،نئی دہلی (نامہ نگار،جنرل رپورٹر،92 نیوزرپورٹ، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک،نیٹ نیوز)پاکستان میں مہلک وبا کورونا سے مزید8افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی کل تعداد 6432ہو گئی جبکہ تعلیمی اداروں میں کورونا کے وار جاری ہیں ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں 532نئے مریض رپورٹ ہوئے اور مریضوں کی کل تعداد307418ہوگئی جبکہ ایکٹوکیسز کی تعداد 7070 رہ گئی، 558مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور293916صحتیاب ہو چکے ہیں۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا سے مزید کوئی ہلاکت نہیں ہوئی،تاہم 115نئے کیس سامنے آگئے ۔پنجاب ،خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں مڈل تک کلاسز کا آغاز ہوگیا۔پنجاب بھر میں مزید27تعلیمی اداروں میں 81طلبہ میں کورونا کی تصدیق ہو گئی،جن سکولوں میں کورونا کیسز رپورٹ ہوئے انہیں بند کر دیا گیا۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئرکیپٹن (ر) عثمان نے کہا کہ لاہور میں 2،ننکانہ 9،گجرات 12،گوجرانوالہ 45،ڈی جی خان 1اور بھکر میں 2طلبہ کے ٹیسٹ مثبت آئے ۔وزیرتعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے لاہور کے مختلف علاقوں میں سکولوں کے ہنگامی دورے کئے ، حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا جبکہ نجی سکول کے ڈیفنس کیمپس کو ایس او پیز پر مکمل عمل نہ کرنے پر سخت وارننگ دی ۔دریں اثناتعلیمی اداروں میں سپورٹس کوٹہ پر داخلوں کے ٹرائل کیلئے ایس او پیز جاری کر دیئے گئے ، قریبی رابطے والے کھیلوں (کنٹیکٹ سپورٹس) کے کوٹہ پر ٹرائل کیلئے کورونا ٹیسٹ کرانا لازمی ہو گا ۔محکمہ صحت 48 گھنٹے قبل سپورٹس کوٹہ امیدواروں کے ٹیسٹ مفت کریگا۔ دنیا بھر میں کورونا سے 978983اموات ہو گئیں،کیسزکی تعداد 31999973ہوگئی۔ امریکہ میں مریضوں کی تعداد 7119713 ہو گئی اورمزید597اموات کے بعد 206067جان کی بازی ہار چکے ۔بھارت میں 87254 نئے کیس سامنے آئے ، بی جے پی رہنما اور وزیر مملکت ریلوے سریش انگاڈی سمیت مزید 1142ہلاک ہوگئے ۔ سعودی عرب نے بھارت کیلئے اپنی تمام پروازیں بند کردیں۔سعودی حکام کے مطابق بھارت اب تک کورونا پر قابو نہیں پاسکااور ہم اپنے شہریوں کی زندگیاں داوُپر نہیں لگا سکتے ۔ سعودی حکومت نے برازیل اور ارجنٹائن کیلئے بھی سفری پابندیاں عائد کی ہیں۔ تاہم پاکستان وبا پر قابو پانے کی وجہ سے سفری پابندیوں سے آزاد رہیگا۔برطانیہ میں 6178 نئے کیس اور مزید37ہلاکتیں ہوئیں۔ اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے ٹریڈ اینڈ ڈیویلپمنٹ کی رپورٹ 2020میں خبردار کیا گیا ہے کہ کوروناکے باعث ہونیوالی کساد بازاری کی وجہ سے عالمی سطح پر 2021 کے اختتام تک آمدنی میں 120 کھرب ڈالر کے نقصان اوربے روزگاری میں اضافے کا خدشہ ہے ۔