اسلا م آباد ،لاہور،کوئٹہ(رپورٹنگ ٹیم ، نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا کی مہلک وبانے پاکستان میں مزید10افرادکی جان لے لی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 310نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیس 9561ہو گئے ،645مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ علاوہ ازیں کورونا کی نئی لہر کے وار سے بچاؤ کیلئے طلبہ کیلئے ویکسی نیشن کرانالازمی قرار دیا گیا ۔تعلیمی بورڈز کی جانب سے فیصلہ کیاگیا کہ کورونا ویکسی نیشن نہ کرانے والے طلبہ کو بورڈ امتحانات میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ نہم ،دہم اور انٹر کا امتحان دینے کیلئے ویکسی نیشن کرانا لازمی ہوگا۔ویکسی نیشن کا ثبوت نہ ہونے پر طلبہ کو امتحانی سنٹر میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔امتحان دینے کیلئے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لانا لازمی ہوگا۔میٹرک اور انٹر کے امتحانات آئندہ سال مئی جون میں ہونگے ۔ادھربلوچستان کے ضلع قلات میں اومیکرون کے 30 مشتبہ مریضوں کا انکشاف ہوا ہے ۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے نوٹس لیکر محکمہ صحت سے رپورٹ طلب کرلی ۔این سی او سی ٹیموں نے سیکرٹری آر ٹی اے اسلام آباد اور موٹروے پولیس کیساتھ مختلف روٹس کی بسوں میں مسافروں اور ڈرائیورز کے کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹس کا معائنہ کیا اور موقع پر ہی ویکسین بھی لگائی۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں53لاکھ90ہزارسے زائد ہو گئیں۔متحدہ عرب امارات میں نئے کوروناکیسز میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ اومیکرون کے پھیلنے کاخدشہ ہے ۔برطانیہ میں مزید ایک لاکھ سے زائد کورونا کیس سامنے آگئے جبکہ مزید 15 ہزار 363 افراد اومیکرون کا شکار ہوگئے ۔وزیراعظم بورس جانسن نے تصدیق کی کہ کرسمس سے قبل مزید پابندیاں نہیں لگیں گی۔تاہم برطانیہ نے قرنطینہ قواعد میں تبدیلی کردی ، وزیر صحت ساجد جاوید کے مطابق کورونا متاثرہ افراد دو منفی ٹیسٹ کیساتھ 10 کے بجائے 7 دن قرنطینہ میں رہینگے ۔اقدام کا مقصد نظام میں خلل کو کم کرنا ہے ، عملے کی غیر حاضریوں سے صحت، تجارت اور ریل سروسز متاثر ہورہی ہیں۔امریکی وفاقی ادارے سیکرٹ سروس نے انکشاف کیا ہے کہ کوروناکے نتیجے میں متاثرہ کاروبار اور شہریوں کی مدد کیلئے قائم شدہ فنڈ میں سے فراڈ کے ذریعے 100 ارب ڈالرسے زائد چرالئے گئے ۔ بے روزگار افراد کیلئے قائم فنڈ سے 87 ارب ڈالر کی خطیر رقم جعلسازوں کو ادا کی گئی ۔ مجموعی طور پر 32 ارب ڈالر واگزار کرا لئے گئے ، غبن کے شبہ میں 900 تحقیقات جاری ہیں اور 100 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔امریکی صدر جو بائیڈن نے وائٹ ہائوس میں خطاب میں کہا کہ اومیکرون سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ آئندہ ماہ 5 سو ملین فری ریپیڈ ٹیسٹ ہوم کٹس امریکیوں کو دستیاب ہونگی۔ امریکہ جنوب افریقی ملکوں پر سفری پابندیوں میں نرمی پر غور کررہا ۔نیویارک کے میئر نے اعلان کیا کہ نئے سال سے پہلے بوسٹر ڈوز لگوانے والوں کو100ڈالر کی رقم بطور انعام دی جائیگی ۔امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے 12سال سے زیادہ عمر افراد کوفائزر کی کورنا سے بچاؤ کی گولی استعمال کرنے کی اجازت دیدی۔سعودی عرب نے 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کو ویکسین لگانے کا اعلان کردیا۔ فرانسیسی وزیر صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ فرانس میں روزانہ کووڈ کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوزکرجائیگی جبکہ جنوری کے آغاز میں اومیکرون قسم فرانس میں غلبہ حاصل کر سکتی ہے ۔تاہم فی الحال پابندیوں کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔جرمنی نے اومیکرون پر قابو پانے کیلئے نئی پابندیوں کا اعلان کر دیا،پرائیویٹ طور پر زیادہ سے زیادہ 10 لوگوں کے ایک جگہ جمع ہونے کی حد مقرر کردی گئی۔ تاہم یہ تمام پابندیاں کرسمس کے بعد ہی لاگو ہونگی۔ فی الحال ریسٹورانٹس اور دکانوں کی بندش سمیت مکمل لاک ڈائون کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔بھارت میں اومیکرون کے 15 ریاستوں میں کل 213 کیسز سامنے آئے جن میں سے 90 کو ہسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا ۔