اسلا م آباد ،لاہور(رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبانے پاکستان میں مزید101افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد25889ہو گئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 6.63فیصد رہی،3559نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیسز93901ہو گئے ۔ ابتک کورونا ویکسین کی کل56768446خوراکیں لگائی جا چکی ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1590236افراد کو ویکسین لگائی گئی۔ملک بھر میں17سال کے افراد کو کورونا ویکسین لگانے کے عمل کا آغازبھی ہوگیا جبکہ این سی او سی نے 18 سال سے کم عمر بچوں کی ویکسی نیشن کیلئے نظر ثانی شدہ ہدایات کا اعلان کر دیا ، رجسٹریشن کیلئے ب فارم نمبراستعمال ہوگا۔دریں اثنا وفاقی وزیر اور سربراہ این سی او سی اسد عمر نے ٹویٹ میں کہا کہ پہلی بار ملک میں یومیہ ویکسین لگانے کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ اگست کے آخر تک 24بڑے شہروں کی 40فیصد18سال یا زائد عمر آبادی کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر تھا، 20نے ہدف پورا کیا جبکہ حیدرآباد، مردان، نوشہرہ اور کوئٹہ نے پورا نہیں کیا۔ویکسین کیلئے اہل آبادی کے 35فیصد کو کم از کم ایک خوراک ملی ہے ۔ اسلام آباد میں سب سے زیادہ 69 فیصد آبادی پہلی ڈوز لگوا چکی۔ آزاد کشمیر میں 51فیصد، گلگت بلتستان میں 39فیصد، پنجاب میں 37فیصد، خیبر پختونخوا میں 35فیصد، سندھ میں 32فیصد اور بلوچستان میں 12فیصد آبادی کو ویکسین لگائی جاچکی۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ کے مطابق پنجاب میں کورونا کے 1602نئے کیس سامنے آگئے اور ایکٹو کیس 25702ہو گئے جبکہ لاہور کے 22سمیت صوبہ میں مزید39مریضوں کی جان چلی گئی۔ علاوہ ازیں پنجاب میں کم رسک والے اضلاع میں بھی کورونا پابندیوں میں توسیع کر دی گئی۔ این سی او سی اور پنجاب حکومت کی سفارشات کے مطابق کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظرسیکرٹری عمران سکندرنے سمارٹ لاک ڈائون آرڈر کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کا اطلاق 25اضلاع میں15ستمبر تک جاری رہیگا۔ صرف 11ہائی رسک اضلاع میں 27 اگست کا نوٹیفکیشن لاگو ہوگا۔ زیادہ کیسز والے اضلاع میں لاہور، راولپنڈی ، فیصل آباد، ملتان، خانیوال، میانوالی، سرگودھا، خوشاب ، بہاولپور، گوجرانوالہ اور رحیم یار خان شامل ہیں۔باقی کے کم رسک والے اضلاع میں کاروبارکے اوقات کار رات 10بجے تک ہیں ۔دریں اثنا لاہور میں تھانوں کی سطح پر بنائی گئی انفورسمنٹ ٹیموں اورضلعی انتظامیہ کے افسروں نے پٹرول پمپس پرشہریوں کے کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ چیک کرنا شروع کردیئے جبکہ سٹاف کو بغیر ویکسی نیشن والوں کو پٹرول نہ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ کے مطابق ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 25 دکانوں کو سیل کردیا گیا۔پٹرول پمپس پر 2 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اقبال شاہ نے مختلف پٹرول پمپس پر چیکنگ کی۔ادھروزیر ماحولیات سندھ اسماعیل راہوبھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں45لاکھ40ہزار سے زائد ہو گئیں۔بحرین نے پاکستان،بھارت، پاناما اور ڈومینیکن رپبلک کو کورونا سفری ریڈ لسٹ سے نکال دیا۔ عمان نے صرف ویکسین لگوانے والوں کو ملک میں داخلے کی اجازت دیدی۔نیوزی لینڈ حکومت نے ڈیلٹا وائرس پر غیر ضروری سفر کو روکنے کیلئے آکلینڈ میں چیکنگ پوائنٹس قائم کردیئے جبکہ لاک ڈائون 2 ہفتوں تک نافذ رہیگا۔ آئرلینڈ نے 22 اکتوبر سے پابندیاں ختم کرنیکا فیصلہ کرلیا ۔