لاہور (رانا محمد عظیم )حکومت نے کورونا ایس او پیز پر عمل کرانے کیلئے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے اس ضمن میں اہم ترین اداروں کو بھی نہ صرف اس پر عملدرآ مد کا ٹارگٹ دیا جائے گا بلکہ اس پر عملدرآ مد کرانے کیلئے پہلی مرتبہ کورونا ایس او پیز عملدرآ مد آ رڈیننس میں ترامیم کر کے اسے قانونی شکل دینے پر غور کیا جا رہا ہے تا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے سخت شکنجے میں آ ئیں اور یہ قانون ہر ایسے وبائی امراض کیلئے ہو گا جو کورونا جیسی خطرناک ہوگی ۔ ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس ضمن میں باداروں کی رپورٹس کی روشنی میں نئے ایس او پیز تیار کیے جا ر ہے ہیں اور اب کی بار وہ تمام تنظیمیں جنہوں نے گارنٹی دی تھی کہ ایس او پیز پر عملدرآ مد کریں اور کرائیں گے ان کو بھی واضح طور پر کہا جائے گا کہ اب کسی قسم کی رعایت نہیں ہو گی جبکہ پولیس کی طرف سے بھی اگر پیسے لیکر رعایت دی گئی تو ایسے پولیس اہلکاروں سمیت کسی بھی ادارے کے افراد کیخلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے ۔حکومت دوبارہ سے آگاہی مہم سمیت وہ تمام اقدامات کرے گی جس سے عوام ایس او پیز پر عمل کر سکیں۔ اس ضمن میں جلد مختلف ٹریڈرز، بزنس مین ، چیمبر آ ف کامرس اور دیگر تنظیموں کے عہد یداران کا اجلاس بلا کر ان کو پابند کیا جائے گا کہ ایس او پیز پر عمل کرائیں۔ ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایس او پیز پر عمل نہ ہونے کی صورت میں پہلی مرتبہ ایسے سخت ترین اقدامات ہوں گے کہ صرف دکان ہی نہیں مارکیٹ بند اور مقدمات تک درج ہوں گے ۔