اسلا م آباد ،لاہور،کراچی،نیویارک،نئی دہلی، پیرس، اوٹاوا،دبئی (جنرل رپورٹر،92 نیوز رپورٹ، نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک،نیٹ نیوز)پاکستان میں مہلک وبا کورونا سے مزید5افرادجاں بحق ہو گئے اور اموات کی کل تعداد 6437ہو گئی ۔ملک بھر میں کورونا کیسز میں اضافہ ہونے لگا جبکہ ممبئی ہائیکورٹ نے مودی سرکار کے منہ پر طمانچہ مارتے ہوئے تبلغی جماعت پر بھارت میں کورونا وائرس کے پھیلائو کا الزام مسترد کردیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں799نئے مریض رپورٹ ہوئے اور مریضوں کی کل تعداد308217ہوگئی جبکہ ایکٹوکیسز کی تعداد 7388ہو گئی، 548مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور294392صحتیاب ہو چکے ہیں۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا سے مزید 2اموات ہوئیں اور84نئے کیس سامنے آگئے ۔ لاہور میں31،راولپنڈی 8 ،گوجرانوالہ 5،ننکانہ صاحب،13شیخوپورہ 3، ،فیصل آباد ،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں دو دوکیس رپورٹ ہوئے ۔ دنیا بھر میں کورونا سے 985233اموات ہو گئیں،کیسزکی تعداد 32310678ہوگئی۔ امریکہ میں مریضوں کی تعداد7163999ہو گئی اورمزید498اموات کے بعد 207091جان کی بازی ہار چکے ۔بھارت میں 83615نئے کیس سامنے آئے ، مزید 1120چل بسے ،کل 92293 ہلاک ہوچکے ۔ممبئی ہائیکورٹ ناگپور بنچ کے جسٹس وی ایم دیشپانڈے اور جسٹس اے بی بورکر پر مشتمل ڈویژن بنچ نے فیصلہ سناتے ہوئے قراردیا کہ بیماری پھیلانے کیلئے کسی بھی مذہب کو مورد الزام نہیں ٹھہرایا جاسکتا۔بھارت میں کورونا وائرس کے پھیلنے کے ذمہ دار تبلغی جماعت سے وابستہ میانمار کے مبلغین نہیں۔چونکہ پولیس نے کووڈ 19 کا ٹیسٹ لیا تھا جو منفی تھااسلئے انفیکشن پھیلانے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔عدالت نے میانمار سے تعلق رکھنے والے مبلغین کے گروپ کیخلاف ایف آئی آر اور فردجرم کو خارج کر دیا جبکہ قصورواروں کیخلاف کارروائی کا حکم دیدیا ۔فرانس میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں دوبارہ اضافہ کے باعث حکومتی پابندیاں مزید سخت کردی گئیں۔سب سے زیادہ متاثرہ شہر مارسے میں کل سے تمام کیفے ، بارز اور ریستوراں بند کر دیئے جائینگے ۔پیرس اور دیگر بڑے شہروں میں ایک ہزار سے زائد شرکا والی تمام بڑی تقریبات کی ممانعت کر دی گئی۔ تمام فٹنس سٹوڈیوز بھی بند ہی رہینگے ۔کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ملک میں کورونا کی دوسری لہر آنے کا باضابطہ طور پر اعلان کردیا۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کے درمیان فضائی سروس بحال کر دی گئی جبکہ یو اے ای بھر کیلئے سیاحتی ویزوں سمیت ملک میں داخلے کے اجازت ناموں کا سلسلہ بحال کردیا جبکہ ورک پرمٹ کا اجرا بدستور بند رہیگا ۔