اسلام آباد(وقائع نگار،92نیوزرپورٹ) پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر نے کہاہے کہ برطانیہ پاکستان میں کوروناوائرس سے جنگ اورضرورت مندوں کی امداد کیلئے 4.39ملین پائونڈ کی امداد دے گا۔ گزشتہ روز اردو میں بات کرتے ہوئے اپنی ایک ویڈیو میں برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ یہ امداد پاکستان اوربرطانیہ کی مضبوط دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کورونا وائرس کے مقابلے کیلئے انٹر نیشنل لیڈرشپ کا مظاہرہ کیاجس میں ملک کی معیشت کوبحال رکھنے کے ساتھ ساتھ غریبوں اور ضرورت مندوں کی صحت کا بھی خیال رکھا ہے ۔ برطانیہ پاکستان کی دس ہزار کے قریب ایسی خواتین اور لڑکیوں کی بھی مالی مدد کریگا جو کسی وجہ سے گھریلو تشدد کا شکارہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ اس امداد کا مقصد تقریباً 80ملین کے قریب پاکستانیوں کی کورونا وائرس سے بچائو ہے تاکہ یہ وائرس مزید نہ پھیل سکے ۔