لاہور؍واشنگٹن(رپورٹنگ ٹیم؍ نامہ نگاران؍ نیوز ایجنسیاں)پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 6 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 71 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد4800 تک پہنچ گئی ہے ۔گزشتہ روز پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 295 کیس رپورٹ ہوئے ، سندھ میں 86، پنجاب میں 57، خیبرپختونخوا میں 60، بلوچستان میں ایک کیس سامنے آیا۔پنجاب میں مریضوں کی مجموعی تعداد 2336 ہوگئی۔میو ہسپتال لاہور میں سیالکوٹ کی رہائشی 72 سالہ خدیجہ بیگم کورونا سے انتقال کر گئی۔راولپنڈی میں بیرون ملک سے آنیوالی کورونا کی مریض تافیہ بینظیر بھٹو جنرل ہسپتال میں دم توڑ گئی۔سوات کے سیدو ٹیچنگ ہسپتال میں کورونا مریض علی بخش جاں بحق ہوگیا ۔بونیر کے رہائشی حسین شاہ کا منگلور ہسپتال میں انتقال ہوا۔تیمر گرہ کے کی تحصیل بلامبٹ میں 50 سالہ قیصر چل بسا، قیصر تبلیغی جماعت سے تعلق رکھتا تھا۔ضلع مالاکنڈ میں بھی کورونا سے ایک شخص کی ہلاکت ہوئی۔لاہور کے علاقے سکندریہ کالونی میں ایک ہی گھر میں کورونا کے 9 مریض سامنے آنے کے بعد کالونی کو سیل کردیا گیا اور مزید 80 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے ، کالونی میں مجموعی مریضوں کی تعداد 20 ہوگئی ہے ۔ مکھن پورہ کو بھی کورونا کے 17 کیس سامنے آنے پر سیل کردیا گیا۔کیمپ جیل سمیت مختلف جیلوں میں 70 قیدی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ کیمپ جیل میں قیدیوں کے لئے کورونا کے علاج معالجے کے ناقص انتظامات کابھانڈا مبینہ طو ر پر ایک وارڈرنے پھوڑدیا ۔ ذرا ئع کے مطا بق کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے پرعارضی ہسپتال میں داخل ہونے کی بجائے سامان لانے کا بہانہ بنا کرآبائی ضلع کے ہسپتال داخل ہوگیا۔ملتان میں سابق ایم پی اے سلمان نعیم میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد انہیں مظفرگڑھ ہسپتال منتقل کردیا گیا،سلمان نعیم کے 3 ملازمین سمیت 11 افراد کو نشتر ہسپتال آئسولیشن وارڈ منتقل کردیا گیا ہے ۔قومی اداہ صحت برائے اطفال کراچی کے دوڈاکٹروں،ایک نرس اورایک آپریشن تھیٹر ٹیکنیشن میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے ۔ایمز ہسپتال امبور میں 29 ڈاکٹرز سمیت 61 ملازمین کو آئسولیٹ کر دیا گیا۔ سکھر قرنطینہ سنٹر میں کورونا کے مزید70 مریض صحت یاب ہوگئے جس کے بعد تمام افرادکوگھر روانہ کردیاگیا ۔تفتان قرنطینہ سنٹر سے مزید 12 افراد کو گھروں کو روانہ کردیا گیا ہے ۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بلڈڈیزیز نے کورونا سے صحت یاب ہونیوالے مریضوں سے پلازما حاصل کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔سندھ میں گزشتہ روز لاک ڈائون میں سختی کی گئی جس سے تمام کاروباری سرگرمیاں معطل ہوگئیں، مساجد میں نماز جمعہ میں صرف پیش امام، مؤذن اور خدام شریک ہوئے ۔کراچی پولیس نے لاک ڈاؤن کے دوران حکمت عملی تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا، غیر ضروری طور پر گھروں سے نکلنے والے افراد کے چالان کرنے کی تجویز زیرغور ہے ۔لاہور میں بھی نمازجمعہ کے اجتماعات انتہائی محدود کردیئے گئے ۔گلگت بلتستان حکومت نے صوبے میں جاری لاک ڈائون میں 14 اپریل تک توسیع کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے کورونا وائرس سے بچا ئوکا مزید سامان چین سے اسلام آباد پہنچ گیا ۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق چین سے اسلام آباد پہنچنے والے جہاز میں 2000 ٹیسٹنگ کٹس، 50 موبائل ایکسرے مشینیں، 1لاکھ این 95 ماسک، 5لاکھ میڈیکل ماسک، 10 ہزار سرجیکل گائون شامل ہیں۔ادھر دنیا بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد ساڑھے 16 لاکھ اور ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے بڑھ گئی ہے ۔امریکہ میں 1500، برطانیہ1000، فرانس میں 987، سپین میں 600، اٹلی میں 500، بیلجیئم میں 400 سے زائد ہلاک ہوئے ، ایران، سویڈن و دیگر ملکوں میں مزید سینکڑوں افراد چل بسے جس کے بعد دنیا بھر میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ سے بڑھ گئی، گزشتہ روز 75 ہزار نئے کیس سامنے آئے ہیں۔نیویارک کورونا کی شدید لہر کی زد میں ہے جس سے بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہو رہی ہیں، جان کی بازی ہارنے والوں کی 40 میتوں کو سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ اجتماعی قبر میں دفنا دیا گیا،کورونا کے باعث مشکل حالات نے امریکیوں کو بھی قطار میں لگ کر راشن لینے پر مجبور کردیا ، 2 افراد کو کورونا وائرس پھیلانے کی دھمکی دینے پر دہشت گردی کے الزامات کا سامنا ہے ۔اطالوی وزیراعظم نے لاک ڈائون میں 3 مئی تک توسیع کردی۔جنوبی کوریا میں کورونا سے صحتیاب 91 مریضوں کے ٹیسٹ دوبارہ مثبت آگئے ۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے عالمی ادارہ صحت پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے چین میں پھیلتے کورونا سے متعلق تائیوان کی وارننگ کو نظر انداز کیا، لوگوں کی صحت کو پسِ پشت ڈال کر سیاست کو ترجیح دی، اقدامات کرنے میں بہت دیر کی۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے والد سٹینلے نے کہا ہے کہ بورس جانسن کو ٹھیک ہونے میں ابھی مزید وقت لگے گا۔سعودی فوجی اتحاد کی جانب سے یمن میں جنگ بندی کے اعلان کے بعدحکومتی کنٹرول والے علاقے میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق ہوگئی۔ متحدہ عرب امارات میں مساجد اور عبادت گاہوں کو جمعہ سے قبل تاحکم ثانی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔آئرلینڈ میں لاک ڈائون میں5 مئی تک توسیع کردی گئی۔ سویڈن نے کورونا کے کیسز بڑھنے کے باوجود لاک ڈائون کرنے سے انکار کردیا ۔زیمبیا میں کورونا وائرس سے متعلق پبلک سروس پیغامات نشر نہ کرنے پر ایک پرائیویٹ ٹی وی چینل کا لائسنس منسوخ کر دیا گیا۔اردن میں فوج نے لاک ڈائون کے خلاف احتجاج کو نشر کرنے پر ٹی وی چینل کی انتظامیہ کو گرفتار کرلیا۔ عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا کہ ترقی پذیر ممالک میں کورونا وائرس کے بارے جعلی ادویات کی فروخت میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے سنگین مضر اثرات ہو سکتے ہیں۔اقوام متحدہ کی انٹرنیشنل لیبرآرگنائزیشن نے کہا کہ کورونا وائرس کے بحران کے پیش نظر بھارت میں غیرمنظم سیکٹر میں کام کرنے والے تقریبا 40 کروڑ افراد پر مزید غربت و افلاس میں مبتلا ہونے کا خطرہ منڈلا رہا ہے ۔انٹرنیشنل ائیر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے ) نے کہا کہ کورونا وائرس کے اثرات کی وجہ سے فضائی سفر کی طلب میں مسلسل کمی کے نتیجے میں مشر ق وسطیٰ میں 9 لاکھ افراد بے روزگار ہوسکتے ہیں جب کہ پوری دنیا میں فضائی سروس متاثر ہونے سے 2 کروڑ 46 لاکھ افراد کے روزگار کو خطرہ لاحق ہے ۔ اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس نے ملک میں کورو نا وائرس سے نمٹنے کیلئے ناکافی سہولتوں پر از خود نوٹس لے لیا ، سماعت 13 اپریل کو ہوگی۔ چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا5 رکنی لارجر بینچ از خود نوٹس کی سماعت کرے گا۔ازخود نوٹس میں اسلام آباد اور چاروں صوبائی حکومتوں سے تفصیلات طلب کرتے ہوئے پوچھا گیا ہے کہ کورونا سے نمٹنے کیلئے ہسپتالوں میں کیا سہولیات فراہم کی گئی ہیں؟ چیف جسٹس نے اس ضمن میں سیکرٹری صحت، سیکرٹری داخلہ اور چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز کے علاوہ اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کو بھی نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔جسٹس گلزار احمد کی طرف سے چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پہلا از خود نوٹس ہے ۔