اسلا م آباد ،لاہور ،قصور ،کراچی،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا کی تیسری لہر نے پاکستان میں مزید118افرادکی جان لے لی ، رواں برس کی ایک روز میں یہ ریکارڈ اموات ہیں جبکہ اموات کی مجموعی تعداد15619ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 8.55 فیصد رہی، کوروناکے 4318نئے مریضرپورٹ ہوئے اور کل تعداد729920ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد76034ہو گئی،4198مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل638267صحتیاب ہو چکے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا کے 2337نئے کیس سامنے آگئے اورمزید74مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ اموات کی کل تعداد7062ہوگئی ۔لاہورمیں 1247،قصور 17،شیخوپورہ 35، راولپنڈی 169، گوجرانوالہ 61،سیالکوٹ 70، ملتان 83، فیصل آباد 111،سرگودھا 62اوراوکاڑہ میں50کیس سامنے آئے ۔سابق مسٹر پاکستان اور مسٹر جونیئر ایشیا مجاہد علی بھی کورونا کے باعث انتقال کرگئے ، وہ لاہور باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے صدربھی تھے ۔ دریں اثناکوروناکی تیسری لہر میں بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر لاہور سمیت ہائی رسک اضلاع میں سمارٹ لاک ڈاؤن میں26اپریل تک توسیع کر دی گئی ۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب سارہ اسلم نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا اور بتایا کہ8 فیصد سے زائد مثبت شرح والے شہروں لاہور، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد، سرگودھا، گجرانوالہ، رحیم یار خان، بہاولپور، بہاولنگر، چنیوٹ، حافظہ آباد،قصور، ننکانہ صاحب، پاکپتن، ٹوبہ ٹیک سنگ اور شیخوپورہ میں آوٹ ڈور شادیوں ، تمام تقریبات ، ان ڈور کھانے ، سپورٹس،ثقافتی تہورا اور اجتماعات پر مکمل پابندی ہو گی، مارکیاں بند رہینگی، مزارات بھی زائرین کیلئے بند رہینگے ۔صوبہ بھر میں ٹرین سروس 70 فیصد مسافروں کیساتھ جاری رہیگی۔ صوبہ بھر میں تمام کاروباری مراکز شام 6 بجے بندہونگے جبکہ ہفتہ اور اتوار کو مکمل بند رہینگے ۔محکمہ ہیلتھ کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں صحتیاب ہو کرمزید697مریض گھر وں کو چلے گئے ۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نبیل اعوان نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا متاثرین کیلئے 4118 بیڈخالی ہیں۔ لاہور میں743 بیڈ52 وینٹی لیٹر خالی ہیں۔کمشنر لاہور کیپٹن (ر) عثمان کے احکامات پر زائد کرایہ وصولی اور کورونا ایس اور پیز کی خلاف ورزیوں پر جنرل بس سٹینڈز اورنیازی بس اڈا پر7 بسیں بند کردی گئیں جبکہ25ہزار روپے کے جرمانے کئے گئے ۔دریں اثنا ڈی سی لاہور مدثر ریاض ملک نے کہا کہ مجموعی طور پر 21 دکانوں ، سٹورز و کیفے کو سیل اور ایک اوپن میرج تقریب پر ایف آئی آر کا اندراج کرایا گیا جبکہ 35 ہزار روپے کے جرمانے کئے گئے ۔ ادھرڈی آئی جی جیل خانہ جات ملتان چوہدری محسن رفیق بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ۔قصور میں گورنمنٹ گرلرزپرائمری سکول کوٹ فضل خاں پھولنگر میں ٹیچرشمیم اختر میں کورونا کی تشخیص پر طالبات میں خوف کی لہر دوڑ گئی۔محکمہ داخلہ سندھ نے کاروباری مراکز اور ماہ رمضان المبارک میں مذہبی عبادت گاہوں کیلئے کورونا ایس او پیز پر16مئی تک نئی پابندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ، کاروباری مراکز اور بازاروں میں تجارتی سرگرمیاں صبح 6 بجے سے رات 8 بجے تک ہونگی جبکہ جمعہ اور اتوار کو کاروبارمکمل معطل ہوگا۔ رمضان میں مساجد و امام بارگاہوں میں دوران عبادات سماجی فاصلہ رکھنا ہوگا ، 50 سال سے زائد معمر افراد اور کم عمر بچوں کے آنے کی ممانعت ہوگی۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں29لاکھ65ہزارسے زائد ہو گئیں۔بھارت میں مزید 1025اموات اور 185248نئے کیس رپورٹ، نئی دہلی کی تہاڑ جیل کو 52 قیدیوں میں کورونا کی تصدیق پر ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ کورونا کی خوفناک صورتحال کے باوجود بھارتی حکومت نے 6لاکھ ہندوئوں کو امرناتھ یاترا کے نام پر مقبوضہ کشمیر بھیجنے کا منصوبہ بنالیا اورکل سے یاتریوں کی آن لائن رجسٹریشن کا اعلان کردیا۔ شمالی کوریا کے حکام نے عالمی ادارہ صحت کو پیش کردہ رپورٹ میں کہا کہ ملک میں ابتک کورونا کا کوئی کیس ریکارڈ نہیں کیا گیا۔