اسلا م آباد ،لاہور،ساہیوال،نیویارک (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان92نیوز،92نیوز رپورٹ، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں کورونا سے مزید9افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی کل تعداد6466ہو گئی ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں566نئے مریض رپورٹ ہوئے اور مریضوں کی کل تعداد310841ہوگئی جبکہ ایکٹوکیسز کی تعداد 8353ہو گئی، 451مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور296022صحتیاب ہو چکے ہیں۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں کورونا سے مزیدایک ہلاکت ہوئی اور91نئے کیس سامنے آگئے ۔ لاہورمیں44،راولپنڈی10،فیصل آباد10، قصور،گوجرانوالہ میں ایک ایک، ٹوبہ ،اوکاڑہ میں دو دوکیس رپورٹ ہوئے ۔ ساہیوال میں ڈی ایچ کیو ہسپتال گائنی وارڈ کی 5 لیڈی ڈاکٹرز نوشین،حرا،کنول،مریم ، ریحانہ اورسکینڈری سکول کمیر کے دہم کلاس کے طالبعلم زمان میں کورونا کی تصدیق ہوگئی،سی ای او ہیلتھ کے مطابق مریضوں کو گھروں میں قرنطینہ کر دیا گیا۔وزیر صحت خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا جس پر خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔ذرائع کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں کے بیشتر سرکاری سکولوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد سست روی کا شکا ہو گیا ، عدم توجہی پرکورونا بے قابو ہونے کے خدشات منڈلانے لگے ہیں۔ لاہور کے اکثر سرکاری سکولوں میں اساتذہ اور طلبہ نے ماسک پہننا چھوڑ دیا، سماجی فاصلے بھی نہ رہے ۔ سکول کے سربراہ بھی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے لگے ، بالخصوص چھٹی کے اوقات میں حفاظتی اقدامات نظر ہی نہیں آتے ۔وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کراچی کے سرکاری و نجی سکولز اور کالجز کے اچانک دورہ کے موقع پر کہا کہ صوبہ بھر میں تمام کلاسز کا آغاز کردیا گیا ہے ، ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائیگا ۔تاہم بچوں کو سکول بھیجنا یا نہ بھیجنا والدین کی مرضی ہے ، سکول انتظامیہ زبردستی نہیں بلا سکتی۔ دنیا بھر میں کورونا سے 1004659اموات ہو گئیں،کیسزکی تعداد 33473108ہوگئی۔ امریکہ میں مریضوں کی تعداد 7337689ہو گئی،مزید148اموات کے بعد 209601جان کی بازی ہار چکے ۔امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پیلوسی نے انٹرویو میں کہا کہ امید ہے کورونا بحران سے نمٹنے کیلئے وائٹ ہائوس کیساتھ 13کھرب ڈالر کا ریلیف معاہدہ طے پاجائیگا۔تاہم اگر ٹرمپ انتظامیہ ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کرتی تو ہم قانون سازی کرینگے ۔بھارت میں 64593نئے کیس سامنے آئے ، مزید701 چل بسے ،کل 96275ہلاک ہوچکے ،مجموعی کیسز 6137941ہوگئے ۔حکام کا اندازہ ہے کہ بھارت میں جلد کیسز امریکہ سے بھی زیادہ ہو جائینگے ۔روس میں تیار ہونیوالی دنیا کی ممکنہ پہلی ویکسین تقریباً 3 ہزار رضاکاروں کو لگا دی گئی۔ میئر ماسکو سوبیانین کا کہنا ہے کہ رضا کارخود کو تندرست محسوس کر رہے ہیں۔ روسی وزارت اقتصادی ترقی کے شعبہ سوشیو اکنامک ڈویلپمنٹ کی 2021-23 سے متعلق پیشگی رپورٹ کے مطابق کورونا کے باعث رواں سال عالمی جی ڈی پی میں 4 سے 4.5 فیصد تک کمی کا امکان ہے جبکہ بحالی فوری ممکن نہیں ۔ادھربحرین کی سرکاری رپورٹ میں کہا گیاہے کہ اسکی اقتصادی شرح نمومیں 8.9 فیصد کمی ہوئی ہے ۔ جرمنی کے 50 اضلاع نے ملک بھر میں نجی تقریبات میں شرکا کی یکساں حد مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔تاہم وائس چانسلراولاف شولس نے تعداد کی حد طے کرنے کی مخالفت کی ہے ۔جرمن چانسلر انگیلا میرکل آج جرمن ریاستوں کے رہنماؤں کیساتھ اجلاس میں مشاورت کرینگی۔