کراچی(صباح نیوز) سٹیٹ بینک نے اْن بینک صارفین کی سہولت کے لیے مزید اقدامات کیے ہیں جنہیں کورونا وائرس کی وبائی صورتِ حال کے تناظر میں غیرمعمولی دشواریوں کا سامنا ہے ۔ اگر بینک انتظامیہ صارفین کے سوالات یا شکایات کا جواب نہیں دے رہی تو صارفین ہیلپ لائن سروس کے ذریعے سٹیٹ بینک سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ سٹیٹ بینک عوام کو یہ تاکید بھی کرتا ہے کہ جہاں تک ممکن ہو ڈیجیٹل ادائیگی کی خدمات استعمال کریں تاکہ بینک لوگوں کے تحفظ کی خاطر کم سے کم سٹاف کے ساتھ خدمات فراہم کرسکیں۔ صارفین کی سہولت کے لیے سٹیٹ بینک نے بینکوں کو ہدایت کی کہ صارفین کی فوری مدد کے لیے اپنے کال سینٹرز/ ہیلپ لائن کی چوبیس گھنٹے اور ساتوں دن دستیابی یقینی بنائیں۔ صارفین موصول ہونے والی فون کال یا میسج پر اپنی ذاتی معلومات کسی کو ہرگز نہ بتائیں۔ لوگوں کو چاہیے کہ ایسی موصولہ کال/ میسج کی تفصیلات سے سٹیٹ بینک کی ہیلپ لائن پر ای میل بھیجیں۔