لاہور؍اسلام آباد؍ ملتان(جنرل رپورٹر؍لیڈی رپورٹر؍ سپیشل رپورٹر)ملک بھر میں کورونا سے سندھ پولیس کے ڈی ایس پی سمیت مزید 23 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 5865 ہوگئی جبکہ 936 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 2.75لاکھ سے بڑھ گئی جن میں سے 2.42لاکھ صحت یاب ہوچکے ہیں۔1217 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے ۔پنجاب میں گزشتہ روز 206 نئے مریض سامنے آئے جبکہ 9 اموات ہوئیں، نشتر ہسپتال ملتان میں ایک مریض چل بسا۔سندھ میں 572 نئے مریض، 10 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔سندھ پولیس کے ایک اور افسر ڈی ایس پی عبدالستار کشمیری کورونا کے باعث چل بسے ۔ادھر دنیابھر میں مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 66لاکھ جبکہ ہلاکتیں 6.56لاکھ ہیں۔بھارت میں ہلاکتیں 33ہزار سے بڑھ گئی ہیں۔ کینیا میں رات کے کرفیو میں مزید ایک ماہ کے لئے توسیع کر دی گئی۔جرمنی میں دوبارہ کیسز بڑھنے پر حکام تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے والے افراد کو 1 لاکھ 36 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے خبردار کیا ہے کہ یورپ میں کورونا کی دوسری لہر آرہی ہے ۔انہوں نے سپین سے آنے والے تمام مسافروں کو 14 روز قرنطینہ میں رکھنے کے فیصلہ کا بھی دفاع کیا اور کہا کہ حکومت نے فوری اور بہتر فیصلہ لیا ہے ۔سپین کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ برطانیہ کی سپین سے آنے والوں کے لئے دو ہفتے تک قرنطینہ میں رکھنے والی پالیسی نا انصافی پر مبنی ہے ۔جرمنی نے اپنے شہریوں کو سپین کے کچھ علاقوں کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کر دی ۔اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ برائے سیاحت نے کہا ہے کہ 5ماہ کے دوران سیاحتی شعبے کو 320 ارب ڈالر کا نقصان ہوا،اس عرصے کے دوران سیاحوں کی تعداد میں 56فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔