لاہور؍اسلام آباد؍ نیویارک (سپیشل رپورٹر؍ جنرل رپورٹر؍ خبر نگار خصوصی؍ نیوز ایجنسیاں؍ مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا سے سندھ کے وزیر مرتضیٰ بلوچ سمیت مزید76 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 1650 ہوگئی جبکہ 3808 نئے مریض سامنے آنے پر مریضوں کی مجموعی تعداد78128 ہوگئی۔ اب تک سندھ میں 31086، پنجاب میں 27850، خیبرپختونخوا میں 10485، بلوچستان میں 4393 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے ۔پنجاب میں گزشتہ روز 43 اموات ہوئیں اور 1600 سے زائد نئے مریض سامنے آئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 16 ہزار 548 ٹیسٹ کئے گئے جب کہ مجموعی طور پر 5 لاکھ 77 ہزار 94 ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔سندھ کے صوبائی وزیر کچی آبادی مرتضیٰ بلوچ کورونا سے جاں بحق ہوگئے ۔ انہیں نماز جنازہ کے بعد سپردخاک کر دیا گیا۔ سابق صدر آصف زرداری، چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مرتضیٰ بلوچ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے ۔سابق فرسٹ کلاس کرکٹر ریاض شیخ،تخت بھائی میں ایک اور ممتاز معالج ڈاکٹر نورالبصر،ڈی ای او ایلیمنٹری ایجوکیشن لاہور رائے افضال بھی کورونا سے چل بسے ۔راولپنڈی میں 3 افراد لقمہ اجل بنے ۔پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر مولا بخش چانڈیو میں کورونا کی تشخیص ہوگئی۔ذرائع کے مطابق مولا بخش چانڈیو، ان کے بیٹے ، اہلیہ اور دیگر دو خواتین میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی ہے ۔ تحریک انصاف کی رکن خیبر پختونخوا اسمبلی مدیحہ نثار کا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔ایس ایس پی آپریشنز لاہور فیصل شہزاد بھی کورونا کاشکار ہوگئے ۔اسلام آباد پولی کلینک ہسپتال کے 42ملازم کورونا کا شکار ہوگئے ،17ڈاکٹر بھی شامل ہیں۔ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مزید 8 افسران و ملازمین میں کورونا کی تصدیق ہوگئی۔اسمبلی سیکرٹریٹ کے مزید 3 افسران کی کورنا رپورٹ مثبت آگئی۔ریلوے لاہور ڈویڑن کے کنٹرول روم کے 2 ملازمین بھی وائرس کی زد میں آگئے ۔اسلام آباد پولیس کے 3 ایس ایچ اوز سمیت 36 اہلکار متاثر ہوئے ہیں۔صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا۔این ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق کورونا کے لئے تمام صوبوں کو وینٹی لیٹرز اور حفاظتی سامان کی ساتویں کھیپ کی ترسیل شروع کر دی گئی ہے ۔ادھر دنیا بھر میں مریض ساڑھے 64 لاکھ سے بڑھ گئے جبکہ اموات 3لاکھ81 ہزار ہوگئی ہیں۔برازیل میں ہلاکتیں 30 ہزار تک پہنچ گئیں جو امریکہ، برطانیہ، اٹلی کے بعد چوتھا بڑا نمبر ہے ۔امریکہ کی ویسٹ کوسٹ پر ایک مچھلیاں پکڑنے والے ٹرالر کے عملے کے 86 ارکان میں کورونا مثبت آیا۔نیوزی لینڈ میں 11روز سے کورونا کا کوئی مریض سامنے نہیں آیا۔برطانیہ کے انگلینڈ ریجن میں 10ہفتوں کی بندش کے بعد سکول کھول دیئے گئے مگر نصف کے قریب والدین نے اپنے بچوں کو سکول بھیجنے سے گریز کیا۔اسرائیلی وزیراعظم کے آفس کے ایک ملازم کو کورونا نکل آیا۔عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا کہ نئے کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کی بھاری تعداد کے تناظر میں لاطینی امریکی ممالک میں ہسپتال اور مجموعی طور پر نظام صحت شدید دبائو میں ہے ۔