لاہور، اسلام آباد،کراچی ، لندن،نیویارک (جنرل رپورٹر ،سپیشل رپورٹر، سٹاف رپورٹر ،نمائندگان، نیوزایجنسیاں)ملک میں کورونا سے 4 ماہ کے دوران ایک روز میں سب سے زیادہ ہلاکتیں اور کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 2843نئے کیس سامنے آگئے جبکہ 42مریض دم توڑ گئے جن میں سے 34مریض ہسپتالوں میں اور 8 افراد گھر میں قرنطینہ کے دوران جاں بحق ہوئے ۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 42752 ٹیسٹ کیے گئے ۔کورونا مثبت آنے کی شرح 6.6فیصد رہی۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1389 مریض صحتیاب بھی ہوئے ۔پنجاب میں 564نئے کیس رپورٹ ہوئے جبکہ 15مریض جاں بحق ہوگئے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق لاہور میں 221،راولپنڈی میں 95کیس رپورٹ ہوئے ۔نشتر ہسپتال ملتان میں مزید 5 مریض جاں بحق ہوگئے ۔ملتان ایئر پورٹ پر نجی ایئر لائن کی پرواز میں جدہ جانے والے دومسافروں کا کورونا ٹیسٹ پازیٹوآنے پر آف لوڈ کردیا گیا۔ٹیچنگ ہسپتال ساہیوال کے 4 ڈاکٹرز میں کورونا کی تشخیص ہو گئی۔ ناظم اعلی مرکزی جمعیت اہلحدیث سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم بھی کورونا کا شکار ہو گئے ۔ پاکستان کے 14 شہروں میں کورونا ٹیسٹ کی مثبت شرح 2.5 فیصد سے 25.4 فیصد ریکارڈ ہوئی۔میر پور خاص میں سب سے زیادہ25.4 فیصد مثبت کیس آئے ۔کراچی کے 5 اضلاع میں5 دسمبر تک سمارٹ اور مائیکرو لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا۔آزاد کشمیر میں ہفتہ کی رات 12بجے سے 2ہفتوں کیلئے مکمل لاک ڈاؤن کر دیا گیا۔وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے تعلیمی ادارے بند نہ کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے اس حوالے سے فیصلہ وفاقی حکومت کے کل ہونیوالے اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔ وزیر سکول ایجوکیشن پنجاب مراد راس نے کہا زندگیاں نہایت اہم ہیں۔ سکول بند کرنے یا کھلے رکھنے کافیصلہ اعداد وشمار کو سامنے رکھ کر کریں گے ۔ ایچی سن کالج انتظامیہ نے جونیئر اور پریپ سکول بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ادھر دنیا بھرمیں کورونا کے باعث ہلاکتیں 13.84لاکھ جبکہ مصدقہ کیس 5.83 کروڑ سے بڑھ گئے ۔ سربیا کے آرتھوڈوکس کلیسا کے روحانی پیشوا یعنی بطریق اعظم 90سالہ ارنجی کورونا سے چل بسے ۔ امریکی صدرٹرمپ کے بڑے بیٹے 42 سالہ ٹرمپ جونیئر بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ۔امریکی دواساز کمپنی فائزر اور جرمن کمپنی بیون ٹیک نے کورونا ویکسین کی منظوری کیلئے ایف ڈی اے کو درخواست دیدی۔روسی صدر پوٹن نے روس کی تیار کردہ کورونا ویکسین، جسے ’سپوٹنک وی‘ کا نام دیا گیا ہے ، دیگر ممالک کو دینے کی آفر کی ہے ۔برطانیہ میں کورونا سے ہلاک نرس اریما نسرین کی یاد میں سکالرشپ کا آغاز کیا گیا ہے ۔