اسلام آباد، لاہور، کراچی(جہانگیر منہاس، حنیف خان،ایس ایم امین)علمائے کرام اور مشائخ عظام نے صدر،وزیراعظم سے کورونا وبا سے نجات کیلئے ریاستی سطح پرآئندہ جمعتہ المبارک کویوم دعااوریوم توبہ منانے کی اپیل کردی۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ دنیا اس وقت ایک مہلک وبا کوروناکی زد میں ہے جس کے باعث وطن عزیز بھی اس بیماری کا شکار ہے ۔ ایسے حالات میں اہل اسلام کو چاہئے کہ وہ اللہ رب العزت کے حضور سجدہ ریز ہو کر توبہ استغفار کریں اور محفوظ رکھنے کیلئے اللہ کی رحمت کو پکاریں۔ انہوں نے تمام اہل اسلام سے اپیل کی کہ اس مہلک وباسے نجات کیلئے یوم استغفار منائیں، اپنے گھروں اور مساجد میں اللہ تعالیٰ کے حضور خصوصی دعائیں مانگیں ، کورونا کی وباء سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر بھی مکمل عملدرآمد کریں۔ ادھر مشائخ وعلماء کونسل پاکستان کے چیف آرگنائزرصاحبزادہ سعیدالرشیدعباسی نے کہا کہ کورونا وبا کی خطرناک گھڑی میں ہمیں توبہ اور استغفار کرنی اور اللہ پاک سے اپنے گناہوں کی معافی مانگنی چاہئے ۔ انہوں نے وزیراعظم اور صدر سے اپیل کی کہ کورونا وبا کے خاتمے کے لئے آئندہ جمعہ کو یوم دعا کے طور پر منایا جائے اور عوام سے بھی درخواست کی کہ وہ اپنے اپنے گھروں میں رہ کر توبہ ،استغفار کا ورد کریں۔جماعت اسلامی اسلام آبادکے سیکرٹری اطلاعات سجاداحمدعباسی نے کہا کہ کورونا اللہ کی طرف سے تمام انسانوں پر آزمائش اور اہل ایمان کیلئے امتحان ہے ،وبائسے بچائوکیلئے رجوع الی اللہ ، توبہ و استغفار اور تمام احتیاطیں ہی علاج ہیں ۔انہوں نے حکو مت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس عالمی وبائسے نجات کیلئے ملک گیر یو م دُعا کا اعلان کرے ۔ ادھرجامعہ اشرفیہ کے مہتمم حافظ فضل الرحیم اشرفی نے کہا کہ کوروناکی آزمائش سے نکلنے کا راستہ اللہ کو راضی کرنا ہے ، حفاظتی تدابیر کے ساتھ ساتھ قوم کو ذرائع ابلاغ کی مدد سے توبہ استغفار کے متعلق آگاہی دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا تیزی سے بڑھتا جارہا ہے ،ہمیں اس سے نجات کیلئے نماز کی پابندی،گھروں میں تلاوت قرآن پاک کا خود کو عادی بنانا ہوگا،حقوق العباد اور حقوق اللہ کا خیال رکھنا ہوگا ۔رب کو راضی کرنے کے لئے صبح شام دعائوں کا اہتمام کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا یقین ہے کہ ہم نے اللہ کی طرف رجوع کیا توہم کورونا کی آزمائش سے بچ جائیں گے ۔ادھرچیئر مین اتحاد امت پاکستان ضیائالحق نقشبندی نے کہا کہ ریاست کے سربراہ کی توبہ بڑی اہمیت رکھتی ہے ،ریاستی سطح پر رجوع الی اللہ ،استغفار اور یوم توبہ کا اعلان کیا جائے ،کل جمعتہ المبارک کو ریاستی سطح پر قوم کوتوبہ کی طرف متوجہ کیا جائے ، جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب سے عشائکی نماز کے بعد اذانیں دینا کا سلسلہ شروع کیا جائے ۔علامہ امین شہیدی نے کہا کہ اس وقت کورونا کی صورتحال مزید سنگین ہوتی نظر آرہی ہے ریاست اپنی ذمہ داری ادا کرے اورزبانی جمع تفریق کی بجائے آگے بڑھے اور عملی اقدامات کرے ۔ادھر بزرگ عالم دین امیرجماعت غربااہلحدیث پاکستان و رئیس جامعہ ستاریہ الاسلامیہ مولانا عبدالرحمٰن سلفی نے کہا کہ شرک ،گناہوں اور کمزور پرظلم کی وجہ سے ہم سے ہمارا رب ناراض ہے ، ہمیں اپنے رب سے توبہ کرنا ہوگی اوراس کے لئے اجتماعی توبہ کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا صدر ، وزیراعظم، ارکان پارلیمنٹ، وفاقی، صوبائی اداروں کے ذمہ داران اجتماعی توبہ اورقنوت نازلہ کا اہتمام کریں اورپوری قوم اللہ کے سامنے اپنے گناہوں پر سچی توبہ کرے تو انشا اللہ اللہ کی رحمت غالب آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عوام جھوٹ سے اجتناب، صدقہ خیرات، پانچ وقت کی نماز، نفلی روزے ، تلاوت قرآن پاک،عدل و انصاف کو زندگی کا جزو بنا لیں، حرام کے قریب نہ جائیں تو حکمرانوں و قوم پر اللہ کی رحمتوں، برکتوں کا نزول ہو جائے گا۔