لاہور(وقائع نگار؍ 92 نیوز رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سنٹرپوائنٹ گلبرگ پر لعل شہباز قلندرؒ(فردو س مارکیٹ) انڈر پاس منصوبے کا افتتاح کر دیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تختی کی نقاب کشائی کی اور دعائے خیر کی۔انڈر پاس کو تقریباً ایک ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا حکومت نے شفاف ٹینڈرنگ کے ذریعے تعمیراتی لاگت میں 13کروڑ روپے کی خطیر رقم کی بچت کی،سنٹر پوائنٹ گلبرگ سے ایم ایم عالم روڈ اور کیولری گراؤنڈ کی طرف جانے والی ٹریفک میں روانی آئے گی،گلبرگ اور کینٹ ایریا کے دوران آمدورفت بلا تعطل ہوگی،لعل شہباز قلندر ؒ انڈر پاس سے روزانہ تقریباً ایک لاکھ شہری مستفید ہوں گے ۔انہوں نے کہا لاہور شہر کی تعمیر و ترقی پر پوری توجہ ہے ،لاہور کے شہریوں کو مزید سہولتوں کی فراہمی کے لئے نئے منصوبے شروع کر رہے ہیں۔عثمان بزدارنے لعل شہبازقلندرؒ (فردوس مارکیٹ)انڈر پاس کا دورہ بھی کیااور منصوبے کے افتتاح کے بعد انڈر پاس کے تعمیراتی معیار کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے معیاری کام کی تعریف کی اور مزدوروں کو شاباش دی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدا ر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا کورونا پر سیاست کرنا المیہ ہے ، اپوزیشن رہنماؤں نے پہلے بھی اہم ترین قومی مسئلے پر سیاست چمکانے کی ناکام کوشش کی، قوم کورونا وباء کے باوجود منفی سیاست کرنے والوں کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف کی قیادت نے کورونا وباء میں عوام کوتنہا نہیں چھوڑاجبکہ دوسری طرف اپوزیشن رہنما مشکل کی گھڑی میں عوام کو اکیلا چھوڑ کر صرف بیان داغنے تک محدود ہیں،اپوزیشن جماعتوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ صرف ذاتی مفادات کا تحفظ چاہتی ہیں لیکن یہ وقت سیاست سے بالاتر ہو کر قومی مسئلے پر اکٹھا ہونے کا ہے ۔ انہوں نے کہا کورونا کے باعث دنیا بدل گئی لیکن بدقسمتی سے پاکستانی اپوزیشن کی منفی سیاست نہیں بدلی۔