اسلام آباد ،ٹل ( خبر نگار خصوصی،وقائع نگار خصوصی )ضلع کرم سے جے یو آئی (ف) کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے ۔ 61 سالہ ایم این اے حاجی منیر اورکزئی کے بھتیجے عرفان اللہ کے مطابق منیر اورکزئی کو صبح نماز کے لیے اٹھایا گیا تو وہ وفات پاچکے تھے ، انہیں فوری طور پر چیک اپ کے لیے سول ہسپتال ٹل لے کر گئے جہاں ڈاکٹروں نے بھی موت کی تصدیق کردی۔ انہیں نماز جنازہ کے بعد آبائی علاقے میں سپردخاک کر دیا گیا ، منیر اورکزئی نے ایک بیٹا ، 5 بیٹیاں اور اہلیہ کو سوگوار چھوڑا ہے ۔ جے یو آئی (ف) کے رکن قومی اسمبلی منیر اورکزئی گزشتہ مہینے کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے تھے تاہم 8 مئی کو ان کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا لیکن کورونا سے صحتیاب ہونے کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ان کی طبیعت اچانک بگڑگئی تھی جس پر انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ضلع کرم میں قیام امن کے لیے منیر خان اورکزئی کا کردار ناقابل فراموش ہے ، وہ 3 بار ایم این اے منتخب ہوئے اور پسماندہ علاقے کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔صدر عارف علوی ،وزیراعظم عمران خان ، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ،سپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر ، ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری، مولانا فضل الرحمن ٰ اور دیگر شخصیات نے انکے انتقال پر اظہار افسوس کیا ۔