لاہور؍ملتان؍ وہاڑی(جنرل رپورٹر؍سپیشل رپورٹر؍ ڈسٹرکٹ رپورٹر؍نیوز ایجنسیاں)کورونا کے باعث ملک بھر میں مزید 23مریض انتقال کر گئے جس کے بعد انتقال کرنے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 11318 تک پہنچ گئی ۔گزشتہ24گھنٹوں کے دوران ملک میں کوروناوائرس کے 1629نئے کیسز سامنے آئے اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 34 ہزار 41 تک پہنچ گئی ۔ این سی اوسی کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق اب تک ملک میں کورونا سے 4 لاکھ 88 ہزار901 مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ ملک میں کوروناوائرس کے فعال کیسز کی تعداد33820 ہے ، اس وقت ملک میں تشویشناک حالت میں موجود مریضوں کی تعداد2070 تک پہنچ گئی ہے ۔پنجاب میں کورونا سے گزشتہ روز 7 مریض جاں بحق ہوئے اور 607 نئے مریض سامنے آئے ۔محکمہ صحت پنجاب نے ڈاکٹر مزمل عباس کو شہید قرار دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔لاہور میں 8 اساتذہ کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے ،گورنمنٹ گرلز سکول رائیونڈ 2 اور گورنمنٹ بوائز سکول ٹھوکر نیاز بیگ کے 3 اساتذہ میں کورونا کی تصدیق ہوئی جبکہ گورنمنٹ ہائی سکول اعوان ٹائون میں ایک اور ایل جی ایس جوہرٹائون میں 2 اساتذہ کے ٹیسٹ مثبت آئے ۔سمندری اور مکوآنہ میں سرکاری سکولوں کے 2 اساتذہ سمیت 9 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے ۔برطانیہ سے لاہور آنے والے 24 شہریوں کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہو گئی ، جنوبی افریقہ سے آئے 3 شہری بھی کورونا میں مبتلا پائے گئے ۔کورونا میں مبتلا کینٹ کے رہائشی 14 برطانیہ پلٹ شہری شامل ہیں، گلبرگ ٹاؤن سے 3 اور داتا گنج بخش ٹاؤن، علامہ اقبال ٹاؤن، عزیز بھٹی ٹاون کے 2,2 رہائشی اور نشتر ٹائون کا ایک برطانیہ پلٹ رہائشی بھی کورونا میں مبتلا پایا گیا ہے ۔لیفٹیننٹ جنرل حمود الرحمٰن کے زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کا اجلاس ہوا جس میں کورونا کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔ کورونا ویکسین لگانے کیلئے عملے کی ٹریننگ کا عمل مکمل ہوگیا۔فیصلہ کیا گیا کہ حکومت ویکسی نیشن کرنے والے عملے کا ریکارڈ اپنے پاس رکھے گی،بیرون ملک سفرکرنے والے مسافروں کو ویکسین لگائے جانے کی ایک قانونی دستاویزفراہم کرنا ہوں گی۔ادھر دنیابھر میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 21لاکھ 50 ہزار کے قریب پہنچ گئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد 2 کروڑ 60لاکھ سے زائد ہے ۔امریکہ نے بیرون ملک سے آنے والے شہریوں پر پابندی عائد کر دی، پابندیوں کا اطلاق یورپی اور افریقی شہریوں پر ہوگا۔ میکسیکو کے صدر اینڈریس مینوئل لوپیز کورونا کا شکار ہو گئے ۔ایرانی سپریم لیڈر آیت اﷲ علی خامنہ ای نے مقامی سطح پر کورونا ویکسین کی تیاری تک بیرون ملک سے ویکسین منگوانے کی اجازت دے دی۔بھارتی ریاست راجستھان کے علاقے جے پور سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کے اگست سے اب تک 31 بار کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں اور حیران کن طور پر 31 بار ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے ۔