لاہور ، فیصل آباد،اسلام آباد، پشاور، کراچی،واشنگٹن،لندن (جنرل رپورٹر ،اپنے رپورٹر سے ، کامرس رپورٹر ،کرائم رپورٹر، کلچرل رپورٹر،سپیشل رپورٹر،خصوصی رپورٹر،وقائع نگار، خبرنگار، سٹاف رپورٹر، نمائندگان،نیوزایجنسیاں ) ملک بھر میں کورونا کے مزید 100مریض جاں بحق ہوگئے جبکہ5139نئے کیس سامنے آگئے ۔نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے مطابق مثبت کیسز کی شرح 10.47 فیصد ہو گئی۔ کورونا سے مجموعی اموات 15329 ہو گئی ، مصدقہ کیس 7 لاکھ 15968،فعال کیس73 ہزار سے بڑھ گئے ، 4204 مریضوں کی حالت تشویشناک ،501 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔24 گھنٹوں میں کورونا کے 49 ہزار69 ٹیسٹ کیے گئے ۔ سندھ میں مزید 6 مریض انتقال کرگئے جبکہ466 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔ پنجاب میں کورونا کے 2628 نئے کیس سامنے آگئے جبکہ مزید 57مریض چل بسے ۔ لاہور 1276، ننکانہ 2، قصور 14، شیخوپورہ 40، راولپنڈی 245، جہلم 11، چکوال 2، اٹک 13،مظفرگڑھ 8، حافظ آباد 21 ، گوجرانوالہ 53 ،سیالکوٹ 53، نارووال 8، گجرات 35، منڈی بہاؤالدین 1، ملتان 137، خانیوال 23، راجن پور 4، لیہ 5، ڈیرہ غازیخان 7 ، وہاڑی 12 ،فیصل آباد220، چنیوٹ 4، ٹوبہ31، جھنگ 7 ، رحیمیار خان52 ،سرگودھا 98، میانوالی 7، خوشاب 19، بہاولنگر 16، بہاولپور 104، لودھراں 21، بھکر 2، ساہیوال 45، پاکپتن 10 اوراوکاڑہ میں 22 کیس سامنے آئے ۔ معروف شاعرہ وادیبہ کرن وقار کورونا میں مبتلا رہنے کے باعث انتقال کرگئیں۔ انکی عمر 34برس تھی۔ اداکارہ بشری انصاری کی اداکارہ بہن سنبل شاہد بھی متاثرہو گئیں۔خیبر پختونخوا میں ایک اور مسیحا دم توڑ گیا۔میجر ڈاکٹر جاوید اقبال ڈینٹل سرجن سی ایم ایچ بنوں تعینات تھے ۔ ان کی نماز جنازہ مٹہ سوات میں ادا کردی گئی۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے لاہور سمیت 7اضلاع کے ہسپتالوں کی او پی ڈیز کو 10 روز کیلئے بند کر نے کا اعلان کر دیا ۔لاہور، فیصل آباد ، ملتان ،راولپنڈی، گجرات، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کے اضلاع شامل ہیں۔ایکسپو سنٹر میں 70 سال سے زائد عمر افراد کیلئے خصوصی سنگل ڈوز ویکسین کا آغاز کر دیا گیا۔حکومت پنجاب نے ماہ رمضان کیلئے ایس او پیز جاری کر دیے ،60سال سے کم عمر افراد ایس او پیز کیساتھ مساجد میں نماز ادا کر سکیں گے ،ماسک کی پابندی لازمی ہوگی،مساجد انتظامیہ نمازیوں کیلئے 3فٹ کا فاصلہ برقرار رکھنے کی ذمہ دار ہو گی۔ لاہور میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 37 دکانیں،ہوٹل، ریستوران سیل کر کے 10 ایف آئی آر درج کرائی گئیں،5 افراد کو گرفتار جبکہ 51000 جرمانے بھی کیے گئے ۔ بغیر ماسک 649 مقدمات جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 643 مقدمات درج کئے گئے ۔سیالکوٹ کے 14علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر نے کورونا سے متعلق پابندیوں میں تین روز توسیع کردی ۔ وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت اجلاس میں کورونا کیسز اور ایس او پیز پر عملدرآمد کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ این سی او سی نے رمضان المبارک کے دوران ویکسی نیشن پلان پر غور کیا اور فیصلہ کیا کہ عالمی وبا سے بچاؤ سے متعلق کئے گئے تمام فیصلے 13اپریل تک نافذالعمل ہونگے جبکہ رمضان المبارک سے متعلق اہم فیصلے کل ہوں گے ۔ادھردنیا بھر میں ہلاکتیں29 لاکھ 32 ہزار جبکہ متاثرین 13کروڑ 55لاکھ ہوگئے ۔بنگلہ دیش میں لاک ڈائون میں توسیع کردی گئی ۔ایران میں دس روز کیلئے لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں پھر سخت لاک ڈائون نافذ کردیا گیا۔چینی حکام کا کہنا ہے چین دسمبر تک3 ارب ویکسین خوراکیں تیار کر لے گا۔برطانوی پاکستانیوں کو برطانیہ پہنچنے پرنئی مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ ایک طرف قرنطینہ کیلئے ہوٹل تک رسائی ملنا دشوار ہے تو دوسری طرف آن لائن بکنگ میں بھی مشکلات کا سامناہے ۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے وزیر داخلہ کو خط لکھ کر تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔عالمی ادارہ صحت نے کورونا ویکسین کی امیر اور غریب ممالک میں غیر منصفانہ تقسیم پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔