لاہور؍ ملتان(جنرل رپورٹر؍سپیشل رپورٹر) کورونا سے مزید 15 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 6112 ہوگئی ہے جبکہ گزشتہ روز 531 نئے مریض سامنے آئے جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 2.72لاکھ ہوگئی ہے ، اب تک 2.61لاکھ مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔پنجاب میں 109 مریض سامنے آئے جبکہ 4 اموات ہوئیں۔نشتر ہسپتال ملتان کے آئی سو لیشن وارڈ میں گزشتہ روز ایک مریض چل بسا۔راولپنڈی میں کورونا مریضوں کی تعداد 9 رہ گئی۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوام کو ایک مرتبہ پھر خبردار کیا ہے کہ کورونا ملک میں ابھی ختم نہیں ہوا، بداحتیاطی کی صورت میں یہ دوبارہ پھیلنا شروع ہو سکتا ہے ،مجموعی طور پر پاکستان میں 48فیصد ٹیسٹ کئے گئے ہیں ، 38فیصد مثبت کیسز سامنے آئے ہیں ،سب اس کانٹیکٹ ٹرینسنگ کی بدولت ممکن ہو سکا۔انہوں نے انکشاف کیا کہ ہم ایک بیمار آدمی سے 10.8 بیمار آدمیوں تک پہنچنے میں کامیاب رہے ہیں اور جنوبی کوریا جسے کانٹیکٹ ٹریسنگ کے نظام کا رول ماڈل تصور کیا جاتا ہے ، ہمارے ہاں بھی وہی شرح ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا کا امیر ترین ملک بھی مکمل طور پر لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہو سکتا، اس لئے ہم سمارٹ لاک ڈاؤن کا نظام لے کر آئے ، ایک وقت تھا کہ بیک وقت 700 سے 800 لاک ڈاؤن ہو رہے تھے تاہم وبا کے پھیلاؤ میں کمی کے ساتھ ہم اس کو بھی کم کرتے گئے اور اس وقت 85 سمارٹ لاک ڈاؤن ہیں جو پاکستان کے 20 اضلاع میں جاری ہیں۔انہوں نے کہا ہمارا اگلا ہدف مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن ہے جس میں ہم بڑے علاقے بند کرنے کے بجائے ٹارگٹڈ ایریا میں قریب قریب گھروں، سہ منزلہ عمارتوں یا محلے کو بند کر کے لاک ڈاؤن پر جائیں گے اور 7ہزار سے زائد فعال کیسز کی وجہ سے ہماری کوشش ہو گی کہ ان کی ہوم آئسولیشن پر کام کیا جائے ۔علاوہ ازیں سندھ حکومت نے بین الصوبائی ٹرانسپورٹ سروس بھی ایس او پیز کے تحت کھولنے کی اجازت دے دی۔ادھر دنیا بھر میں مریضوں کی تعداد 2کروڑ3لاکھ سے بڑھ گئی ہے جبکہ ہلاکتیں 7لاکھ 43 ہزار ہوگئی ہیں۔نیوزی لینڈ میں 102 روز بعد مقامی سطح پر کورونا کی منتقلی کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد آک لینڈ میں لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا گیا۔نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے اعلان کیا کہ احتیاطی اقدام کے طور پر آک لینڈ 12 اگست کی دوپہر سے لیول 3 پر چلا جائے گا جس کا مطلب ہے کہ لوگوں کو کام اور سکول سے دور رہنا ہوگا جبکہ 10 سے زیادہ افراد کے ایک جگہ پر جمع ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔برطانیہ میں کورونا کیسز میں اضافے کے باوجود سکاٹ لینڈ میں سکول کھول دیئے گئے جبکہ لندن میں بھی ستمبر کے شروع میں سکول کھولنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ادھر برطانیہ میں کمپنیوں نے جولائی میں مزید ایک لاکھ 14 ہزار ملازمین کو فارغ کردیا ،4 ماہ میں 7 لاکھ 30 ہزار افراد ملازمتوں سے محروم ہوچکے ہیں ۔چین کے شہر ووہان میں کورونا وائرس کی جنگ لڑتے متاثرین اور طبی عملے کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ڈرون لائٹ شو کا انعقاد کیا گیا۔