لاہور؍ اسلام آباد(جنرل رپورٹر؍کلچرل رپورٹر؍ خبر نگار خصوصی)کورونا کے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 977 مریض سامنے آگئے اور 17 افراد اس وائرس کے باعث جاں بحق ہوگئے جن میں سے 16 افراد ہسپتالوں میں اور ایک مریض گھر میں قرنطینہ کے دوران جاں بحق ہوا۔گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا کے 27 ہزار 665 ٹیسٹ کئے گئے ، اب تک ملک بھر میں کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 14 ہزار 555 ہو چکی ہے ،گلگت بلتستان،آزاد کشمیر اور بلوچستان میں کورونا کا کوئی بھی مریض اس وقت وینٹی لیٹر پر نہیں، ملک بھر میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہزار 823 ہے ۔پنجاب میں گزشتہ روز کورونا کے 255نئے کیسز سامنے آئے ، مزید 5ہلاکتیں ہوئیں، نشتر ہسپتال ملتان میں 3 مریض چل بسے ،معروف گلوکار و سماجی کارکن جواد احمد بھی کورونا سے متاثر ہوگئے ۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال صحت یاب ہوگئے ۔ حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے عوام کو خبردار کیاہے کہ اگر لاک ڈائون سے بچناہے تو ایس او پیز پرسختی کے ساتھ عملدرآمد یقینی بنائیں۔کراچی کی مقامی انتظامیہ نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دوسری بڑی موبائل مارکیٹ کو سیل کردیا۔وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر پی آئی اے کا طیارہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے 25 ٹن کی میڈیکل امداد لے کر شام پہنچ گیا۔ادھر دنیابھر میں کورونا کے فعال کیسز ایک کروڑ 18لاکھ سے بڑھ گئے جبکہ ہلاکتیں 12لاکھ 5 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہیں، گزشتہ روز پونے 5لاکھ نئے مریض سامنے آئے ہیں، امریکہ میں ہلاکتیں 2.37لاکھ، بھارت میں 1.22لاکھ سے بڑھ گئی ہیں۔ترک صدر رجب طیب اردوان کے ترجمان اور وزیر داخلہ کورونا سے متاثر ہوگئے ۔سپین میں پابندیوں کے خلاف گزشتہ روز بھی مظاہرے جاری رہے ، سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے والے 32 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔سائبیریا سے تعلق رکھنے والے ماہرِ وائرسز 68 سالہ الیگزینڈر سیفرنوف نے کورونا وائرس کو سمجھنے کے لئے خود کو جان بوجھ کر کورونا وائرس لگایا اور اس اہم مطالعے کے نتائج میں حیرت انگیز انکشافات کئے ہیں۔ الیگزینڈر سیفرنوف نے کہا کہ کورونا وائرس کئی برسوں تک ہمارے درمیان ہی رہے گا جبکہ ان کا تجربہ اجتماعی مدافعت کی حکمت عملی کے خلاف ایک انتباہ ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس مہلک وائرس کیخلاف ویکسین کے کئی ڈوز استعمال کرنا ہوں گے ۔