لاہور؍ اسلام آباد(جنرل رپورٹر؍وقائع نگار؍ خبر نگار خصوصی؍لیڈی رپورٹر)ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 67 ہزار 428 تک پہنچ گئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 18 ہزار 331 ٹیسٹ کئے گئے ، 1332 مثبت آئے ۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کورونا کا شکار مزید 38 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے ، اس طرح اس وبا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 5 ہزار 677 ہوگئی۔ملک بھرکے ہسپتالوں میں 255 مریض وینٹی لیٹرپر ہیں، 2 ہزار 394 مریض ہسپتالوں میں داخل ہیں۔پنجاب میں گزشتہ روز 5 اموات ہوئیں جبکہ 372 نئے مریض سامنے آئے ۔پنجاب میں 16ہسپتالوں کے آئی سی یو میں وینٹی لیٹرز مریضوں سے خالی ہو گئے ،12ہسپتالوں کے ہائی ڈیپنڈینسی یونٹس بھی خالی، 7فیلڈہسپتال بھی خالی پڑے ہیں ،اس وقت آئی سی یو میں 79، ہائی ڈیپنڈینسی یونٹ میں 331، آئسولیشن وارڈ میں 279مریض زیر علاج ہیں ۔وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 19 اموات ہوئیں جبکہ 1109 نئے مریض سامنے آئے ، کراچی میں گزشتہ روز اس سے پچھلے روز کے مقابلے میں 100فیصد زیادہ مریض رپورٹ ہوئے ۔این ڈی ایم اے نے صوبوں کوطبی عملہ کے لئے حفاظتی سامان کی 11ویں کھیپ کی ترسیل کر دی ۔ این ڈی ایم اے کے مطابق بدھ کو صوبہ سندھ کو سامان ارسال کر دیا گیا۔ادھر دنیابھر میں مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 52 لاکھ ہوگئی جبکہ ہلاکتیں 6لاکھ 24 ہزار تک پہنچ گئی ہیں۔گزشتہ روز برازیل میں 1300، امریکہ میں 1100، بھارت میں 600 سے زائد اموات ہوئیں۔آسٹریلیا میں گزشتہ روز 501 مریض سامنے آئے جو مارچ میں وبا پھیلنے کے بعد ایک روز میں سب سے بڑی تعداد ہے ۔نیپال میں 4ماہ بعد لاک ڈاؤن ختم کر دیا گیا تاہم سکول، تھیٹر اور پرہجوم مقامات بند رہیں گے ۔متحدہ عرب امارات نے عید الاضحیٰ کے بڑے اجتماعات منعقد کرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور شہریوں کو عید الاضحیٰ کی نمازگھروں میں ہی ادا کرنے کی ہدایت کی ہے ۔جاپان کی وزارت صحت نے برطانیہ میں ڈیکسامیتھازون کے آزمائشی استعمال سے کورونا کے باعث ہسپتال داخلوں کی شرح میں کمی کے بعد اسی کی کورونا کے دوسرے علاج کے طور پر منظوری دے دی ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تسلیم کیا کہ کورونا وبا سے ملک میں حالات بہتر ہونے سے پہلے مزید بد تر ہوں گے ۔ وائٹ ہائوس میں ماسک لگائے بغیرپریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ماسک پہنیں اورکہا کہ وہ خود بھی ماسک اپنے ساتھ رکھتے ہیں۔علاوہ ازیں امریکی حکومت نے فیزر انکارپوریشن اور جرمن کمپنی بائیو این ٹیک ایس ای کی جانب سے تیار کی جانے والے کورونا ویکسین کے 10 کروڑ ڈوز 1.95 ارب ڈالرز میں خرید لئے ہیں۔کمپنیوں کی جانب سے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے یہ بھی بتایا گیا کہ امریکی حکومت کو مزید 50 کروڑ ڈوز خریدنے کی بھی اجازت دی جائے گی۔